Time 19 مئی ، 2025
پاکستان

پاک بحریہ کی تیاری دیکھ کر دشمن کی اس طرف حملہ کرنےکی ہمت نہیں ہوئی، وزیراعظم

پاک بحریہ کی تیاری دیکھ کر دشمن کی اس طرف حملہ کرنےکی ہمت نہیں ہوئی، وزیراعظم
فوٹو: پی آئی ڈی

وزیر اعظم شہباز  شریف نےکہا ہےکہ  بحری فوج کی تیاری دیکھ کر دشمن کی اس طرف حملہ کرنے کی ہمت نہیں ہوئی، افواج پاکستان نے دشمن کو وہ سبق سکھایا جو  وہ ہمیشہ یاد رکھےگا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم نے کراچی میں پاکستان نیوی ڈاک یارڈ کا دورہ کیا، وزیراعظم کی آمد پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے ان کا استقبال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور  ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم نے آپریشن "بنیان مرصوص"میں پاک بحریہ کےکلیدی کردارکوخراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان نیوی کے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی، وزیر اعظم نے افسران و جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، جنگی تیاری اور مادر وطن کے دفاع سے وابستگی کو سراہا۔

وزیراعظم کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ کشیدہ صورتحال میں پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی تھی، پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی تھی اور کھڑی ہے، بری فوج نے فتح میزائل اور دیگر ہتھیاروں سے دشمن کے ٹھکانوں  پر درستی سے نشانے لگائے، فضائیہ کے شاہینوں نے جدید ٹیکنالوجی سے دشمن کو سبق سکھایا، دشمن یہ سبق قیامت تک یاد رکھےگا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کی تیاری بھی مثالی تھی، ہماری بھرپور تیاری سے دشمن کو بحری جارحیت کی ہمت نہ ہوئی، پاک بحریہ نے بندرگاہوں اور تجارتی راستوں کا بھرپور تحفظ کیا، ہماری افواج کی مکمل تیاری کی وجہ سے دشمن ہمارا بال بھی بیکانہ کرسکا، افواج پاکستان نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بحری جارحیت کرتا تو دشمن کو مزید رسوائی برداشت کرنا پڑتی، قوم کو یقین تھا کہ دشمن بحری محاذ پر بھی ناکام ہوگا، عسکری قیادت کے درمیان بہترین کوآرڈینیشن تھا،کشیدگی کے دوران ہماری بندرگاہیں مکمل فعال رہیں اور کئی گنا بڑا دشمن مکمل مفلوج دکھائی دیا، پاک بحریہ کی غیر معمولی کارکردگی پر ہمیں فخر ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی وجہ سے پاک بحریہ کی کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہوا، دشمن بھی تسلیم کرتا ہےکہ پاک نیوی نے خطے میں طاقت کا توازن بدل دیا، پاکستان امن پسند ملک ہے، تمام مسائل کا پر امن حل چاہتے ہیں، دشمن نے دوبارہ جارحیت کی تو منہ توڑ جواب ملے گا۔

مزید خبریں :