20 مئی ، 2025
اسرائیل نے خان یونس پر بڑے حملے کی تیاری کرلی اور فلسطینیوں کو علاقہ چھوڑنے کا حکم دے دیا۔
رات سے جاری حملوں میں 150 سے زیادہ فلسطینی شہید کیے جاچکے ہیں۔
نئے آپریشن اور وحشیانہ حملوں پر کینیڈا، فرانس اور برطانیہ نے اسرائیل کے خلاف ٹھوس اقدامات اور پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی دی ہے۔
22 ممالک نے اسرائیل سے غزہ میں امداد کی راہ میں رکاوٹیں ختم کرنے اور فوجی کارروائی بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب نیتن یاہو نے مطالبات مسترد کرتے ہوئے مکمل فتح تک جنگ جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔
علاوہ ازیں 2 مارچ سے غزہ کی مکمل ناکہ بندی کے بعد 5 امدادی ٹرکوں کو داخلے کی اجازت دی گئی جب کہ اقوام متحدہ نے امداد کو سمندر میں قطرہ قرار دے دیا۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اسرائیل کے اتحادیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 80 دن کی بھوک کے بعد محدود امداد نسل کشی چھپانے کی کوشش ہے۔