20 مئی ، 2025
عوامی آرا جاننے والے ادارے گیلپ پاکستان نے پاکستان اور بھارت کی حالیہ کشیدگی کے حوالے سے نیا سروے جاری کردیا۔
سروے کے مطابق بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر پاکستانی عوام کی اکثریت عسکری اور سیاسی قیادت سے خوش ہے اور 97 فیصد پاکستانیوں نے مسلح افواج کی کارکردگی کو بہترین قرار دیا۔
تنازع کے بعد مسلح افواج کے بارے میں عوامی رائے میں بھی واضح بہتری آئی اور 93 فیصد پاکستانیوں نے مسلح افواج کے بارے میں اپنی رائے میں مثبت تبدیلی آنے کا کہا جبکہ تنازع کے دوران 73 فیصد پاکستانی حکومتی کارکردگی سے بھی خوش دکھائی دیے اور سفارتی محاذ پر کامیابی کی تعریف کی۔
البتہ 12 فیصد نے درمیانہ مؤقف اختیار کیا۔
سروے میں بھارت کے خلاف واضح مؤقف رکھنے پر پاکستانیوں نے سیاسی جماعتوں کو بھی سراہا اور 65 فیصد نے مسلم لیگ ن کے کردار کومثالی کہا، پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے 58 فیصد جبکہ پی ٹی آئی کے کردار کو سروے میں 60 فیصد نے اچھا کہا۔
سروے میں تنازع کے دوران مثبت کردار ادا کرنے پر 83 فیصد نے چین، 76 فیصد نے ترکیہ، 75 فیصد نے سعودی عرب، 71 فیصد نے ایران جبکہ 39 نے امریکا کی تعریف کی۔