Time 21 مئی ، 2025
دنیا

امریکا سے جوہری مذاکرات کا کوئی نتیجہ نکلنے کا امکان نہیں: آیت اللہ علی خامنہ ای

امریکا سے جوہری مذاکرات کا کوئی نتیجہ نکلنے کا امکان نہیں: آیت اللہ علی خامنہ ای
فوٹو: فائل

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ امریکا سے جوہری مذاکرات کا کوئی نتیجہ نکلنے کا امکان نہیں ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق منگل کو ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے ایک تقریر میں کہا کہ امریکا کے ساتھ جوہری مذاکرات سے کسی نتیجے کی توقع نہیں کی جا سکتی۔

ایران اور مغربی طاقتوں کے درمیان یورینیم افزودگی کے معاملے پر تنازع جاری ہے۔

ایسے میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای  نے کہا ہے کہ ہم نہیں سمجھتے کہ امریکا کے ساتھ جوہری مذاکرات سے کوئی نتائج نکلیں گے، ہمیں معلوم نہیں کہ کیا ہوگا، ایران کے یورینیم افزودگی کے حق کو تسلیم نہ کرنا بڑی غلطی ہے۔

واضح رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان 12 اپریل سے عمان کی ثالثی میں 4  دور کے جوہری مذاکرات ہو چکے ہیں، جو 2015 کے جوہری معاہدے سے امریکا کے علیحدہ ہونے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے سب سے اہم رابطے تصور کیے جا رہے ہیں۔

دونوں فریقین نے 11 مئی کو ہونے والی آخری ملاقات میں مزید مذاکرات کے ایک اور دور پر آمادگی ظاہر کی تھی۔ 

ایران نے ان مذاکرات کو مشکل مگر مفید قرار دیا تھا جبکہ ایک امریکی عہدیدار نے کہا تھا کہ واشنگٹن حوصلہ افزا ہے۔

خیال رہے کہ امریکا اور مغربی ممالک طویل عرصے سے ایران پر جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش کا الزام لگاتے آ رہے ہیں جبکہ ایران مسلسل یہ دعویٰ کرتا آیا ہے کہ اس کا نیوکلیئر پروگرام صرف پرامن مقاصد کے لیے ہے۔

مزید خبریں :