22 مئی ، 2025
عالمی دباؤ کے بعد اسرائیل نےدعویٰ کیاہے کہ 100 امدادی ٹرکوں کو غزہ جانے کی اجازت دے دی ہے۔
اسرائیل کی جانب سے غزہ میں انسانی امداد کی بندش کے باعث اسرائیل کو متعدد ممالک کی جانب سے پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔
برطانیہ نے اسرائیل سے آزادانہ تجارتی معاہدے پر بات چیت روک دی ہے جب کہ یورپی یونین نے بھی اسرائیل سے آزادانہ تجارتی معاہدے پر نظرثانی کا فیصلہ کیا۔
تاہم عالمی دباؤکے بعد اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے 100 امدادی ٹرکوں کو غزہ جانے کی اجازت دے دی۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز آٹا،بچوں کی خوراک اور طبی سازو سامان لے جانے والے 100 امدادی ٹرکوں کو غزہ کی پٹی میں داخلے کی اجازت دی گئی۔
البتہ اقوام متحدہ کے حکام کا کہنا ہے کہ اب تک ضرورت مند افراد تک کوئی امداد نہیں پہنچی۔
اس سے قبل اقوام متحدہ نے خبردار کیا تھاکہ مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ میں غذائی قلت شدت اختیار کرگئی ہے اور اگلے 48 گھنٹے میں امداد نہ پہنچی تو 14 ہزار بچے مر سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ اسرائیل نے 2 مارچ کو جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ میں کھانے پینے سمیت ہر قسم کے سامان کا داخلہ روک دیا تھا جس کے بعد وہاں غذائی بحران شدید ہوگیا تھا۔