23 مئی ، 2025
اسلام آباد: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھارت کے خلاف حالیہ جنگ میں پاکستانی میڈیا کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا ہمارا فخر ہے، اس نے ہمارے ساتھ مل کر جنگ لڑی۔
جمعرات کو ایوان صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف سید عاصم منیر کو بیٹن آف فیلڈ مارشل سے نوازا۔
تقریب میں وزیراعظم شہبازشریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، صدر ن لیگ میاں نواز شریف سمیت وفاقی کابینہ کے ارکان، سروسز چیفس بھی موجود تھے۔
ایوان صدر میں سینیئر صحافیوں سے گفتگو میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ میڈیا ہمارا فخر ہے، آپ لوگوں نے دنیا کو بتایا کہ ہم صرف سچ بولتے ہیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ میڈیا ہمارا پلر ہے،آپ نے ہمارے ساتھ مل کر جنگ لڑی۔
ایوان صدر میں اعلیٰ عسکری حکام نےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غزوہ بدر میں 313 مسلمانوں نے اپنے سے بڑی طاقت کو شکست دی، غزوہ بدر میں نبی کریم ﷺ کی قیادت میں اللہ نےمسلمانوں کو فتح عطا کی تھی۔
بھارت کے خلاف جنگ میں اللہ تعالی کی مدد شامل حال رہی
اعلیٰ عسکری حکام نے کہا کہ بھارت کے خلاف جنگ میں اللہ تعالی کی مدد شامل حال رہی، دشمن پر غلبہ پاکستان کیلئے غیبی مدد تھی، الحمد اللہ ہم نے ایسا وار کیا کہ دشمن کے پاس کوئی جواب نہیں تھا، دشمن کو وہ زخم پہنچایا کہ وہ جارحییت کی جرات نہیں کر سکتا۔
اعلیٰ عسکری حکام کا مزید کہنا تھا کہ جنگ بندی کے لیے بھارت نے مصالحت کاروں کے ذریعے رابطہ کیا۔