23 مئی ، 2025
اسرائیلی فوج کے سابق ڈپٹی چیف آف اسٹاف اور اسرائیلی اپوزیشن لیڈر یائرگولن غزہ میں نہتے شہریوں اور بچوں کے قتل وعام پر پھٹ پڑے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی اپوزیشن لیڈر یائرگولن نے حال ہی میں کی گئی پریس کانفرنس میں اسرائیلی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ اسرائیل بچوں کو شوقیہ قتل کررہا ہے۔
دوسری جانب ایک انٹرویو میں ریٹائرڈ اسرائیلی جنرل نے اسرائیل کی جانب سے غزہ پر جاری فوجی حملوں پر بھی تنقید کی۔
انہوں نے کہا کہ 10 ہزار فلسطینیوں کی ہلاکت اور ہزاروں فلسطینیوں کو بے گھر کردینے جیسے اقدامات اسرائیل کو دنیا کی نظر میں عالمی سطح پر ایک الگ تھلگ ریاست بناسکتے ہیں۔
ریٹائرڈ اسرائیلی جنرل کا کہنا تھا کہ ایک سمجھدار ملک عام شہریوں کے خلاف جنگ نہیں کرتا، بچوں کو تفریح کے طور پر قتل نہیں کرتا اور بڑے پیمانے پر آبادی کی نقل مکانی جیسے اقدامات میں ملوث نہیں ہوتا۔
گولن نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر اسرائیل اب بھی جنگ بندی نہیں کرتا توعالمی سطح پر اسرائیل کا بھی جنوبی افریقا کی طرح بائیکاٹ کیا جاسکتا ہے۔