Time 23 مئی ، 2025
دلچسپ و عجیب

جب بحری جہاز پانی میں تیرنے کی بجائے ایک شخص کے باغ میں آکر کھڑا ہوگیا

جب بحری جہاز پانی میں تیرنے کی بجائے ایک شخص کے باغ میں آکر کھڑا ہوگیا
یہ واقعہ ناروے میں سامنے آیا / فوٹو بشکریہ Joanne Fielder

تصور کریں کہ آپ صبح سو کر اٹھیں اور گھر سے باہر نکلنے پر ایک بحری جہاز صحن میں 'کھڑا' آپ کا استقبال کریں تو کیسے جھٹکا لگے گا؟

یقین کرنا مشکل ہوگا مگر ناروے میں ایک شخص کو ایسے ہی ناقابل یقین واقعے کا سامنا ہوا جب وہ بیدار ہوا تو اس نے 135 میٹر بڑے کنٹینر جہاز کو اپنے گھر کے باغ میں موجود پایا۔

یہ بحری جہاز این سی ایل سالٹین 22 مئی کو مقامی وقت کے مطابق صبح 5 بجے ناروے کے مغربی قصبے Orkanger جانے کے لیے Trondheim fjord نامی چٹانی کھاڑی میں داخل ہوا تھا۔

30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرنے والا جہاز قصبے کی بجائے سیدھا جوہان ہیلبرگ نامی شخص کے باغ میں جا پہنچا، خوش قسمتی سے اس کا گھر محفوظ رہا۔

Byneset نامی علاقے کے رہائشی جوہان ہیلبرگ کو اس کا علم بھی اس وقت ہوا جب پڑوسی نے گھر کی ڈور بیل کو پاگلوں کی طرح بجانا شروع کر دیا۔

جب انہوں نے کھڑکی سے باہر دیکھا تو جہاز کے اگلے حصے کو دیکھا۔

جب بحری جہاز پانی میں تیرنے کی بجائے ایک شخص کے باغ میں آکر کھڑا ہوگیا
اس شخص کا گھر خوش قسمتی سے محفوظ رہا / فوٹو بشکریہ Jan Langhaug

انہوں نے بتایا کہ 'میں کھڑکی کی جانب گیا اور ایک بڑے جہاز کو دیکھ کر دنگ رہ گیا، یہ بالکل بھی حقیقی نہیں لگ رہا تھا'۔

قبرص کے اس جہاز پر 16 افراد کا عملہ موجود تھااور اس عجیب حادثے میں کوئی فرد زخمی نہیں ہوا۔

پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہے اور ایک مشتبہ فرد کی شناخت کی گئی ہے۔

جوہان ہیلبرگ نے بتایا کہ عموماً جہاز اس کھاڑی میں بائیں یا دائیں مڑ جاتے ہیں، مگر یہ جہاز سیدھا آکر میرے باغ میں پہنچ گیا۔

مقامی پولیس کے مطابق جہاز میں سوار ایک فرد کو مشتبہ فرد کے طور پر شناخت کیا گیا ہے، مگر یہ نہیں بتایا گیا کہ اسے مشتبہ کیوں قرار دیا گیا ہے۔

پولیس کی جانب سے عملے سے پوچھ گچھ کی گئی اور دیکھا گیا کہ ایسا کیوں ہوا، کیا یہ تکنیکی خامی تھی یا انسانی غلطی۔

یہ بحری جہاز اب بھی جوہان ہیلبرگ کے باغ میں پھنسا ہوا ہے کیونکہ اسے نکالنے کی پہلی کوشش ناکام رہی۔

مزید خبریں :