23 مئی ، 2025
پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت کو واضح پیغام میں کہا ہے کہ پہلے بھی مارا تھا پھر ماریں گے، بھارت کو جارحیت کا شوق ہے تو پھر کرکے دیکھ لے ،ہم تیار ہیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ حکومت پاکستان اور وزیراعظم کا بلوچستان پر پورا فوکس ہے، بلوچستان کے فنڈز دستیاب ہیں، ہم بلوچستان میں دہشت گردوں کو مار رہے ہیں، ہم ایک معقول اور ذمہ دار ریاست ہیں، ہم دنیا کوبتارہےہیں بھارت خطے میں دہشت گردی کا مرکز اور محور ہے۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں ہم نےبھارت کے گھناؤنے عزائم کو دیکھا ہے، بھارت نے اپنے علاقے امرتسر سےمیزائل فائر کیے، بھاٰرت نے پاکستان میں ننکانہ صاحب پر حملے کیلئے ڈرونز بھیجے، ہم نے بھارتی ڈرونز کو گرایا، سکھ یاتریوں سے پاکستان کے عوام محبت کا اظہار کرتے ہیں، ہم سکھوں کے مذہبی مقامات کی نہ صرف حفاظت کرتے ہیں بلکہ سہولت فراہم کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ ہمارا سکھوں کے ساتھ ایک گہرا تعلق ہے، آج پاکستان میں کرتار پور کھلا ہے، سکھوں کو کون نہیں آنے دے رہا، یہ اپنےحاضرسروس جنرل کو لاکر اس سےجھوٹ بلواتےہیں، ہمارا مذہب ہے، ہم کسی کی عبادت گاہ پر حملہ نہیں کرتے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت نے پاکستان کےخلاف فوجی کارروائی کا فیصلہ کیا، بھارت کے ذہن میں یہ تھا پاکستان کے معاشرے میں تقسیم ہے، وہ آئے انہوں نے حملہ کیا اور پھر دیکھ لیا، بھارت کو کوئی غلط فہمی ہے، سیز فائر ہوئی ہے جو وجوہات ہیں وہ ابھی دور نہیں ہوئی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ ہم کہہ رہے ہیں یہ حماقت نہ کرنا، جب تک کشمیر کا تنازع حل نہیں ہوتا امن نہیں ہوسکتا، کشمیر کے تنازع میں پاکستان اور بھارت کے ساتھ چین بھی ایک فریق ہے، مقبوضہ کشمیر میں 7 لاکھ سے زائد فوج بھیجی ہوئی ہے، مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں لوگوں کو پکڑا گیا ہے، سکھوں پر یہ لوگ ظلم کرتےہیں، مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کی جائیدادوں کو مسمار کیا گیا، دلت و دیگر نچلی ذاتوں پر یہ ظلم کرتے ہیں، جب ظلم ہوگا تو اس جواب تو آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے دہشتگردی کوپاکستان کےخلاف ہتھیارکےطورپراپلائی کردیا ہے، بھارت پاکستان میں دہشت گردی کو بطور آلہ استمعال کرتا ہے، پانی کے حوالے سے وزیراعظم نے واضح پیغام دے دیا ہے، ہم حکومت کے احکامات پر عمل کریں گے، یہ کوئی پاگل ہی ہوگا جو کہے کہ پانی روک دیں گے۔