Time 24 مئی ، 2025
کھیل

سری لنکن کرکٹر انجیلو میتھیوز کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

سری لنکن کرکٹر انجیلو میتھیوز کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
فوٹو: فائل

سری لنکن کرکٹر انجیلو میتھیوز نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

37 سالہ سابق سری لنکن کپتان انجیلو میتھیوز  نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں اعلان کیا کہ وہ جون میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو جائیں گے۔

 میتھیوز، جنہوں نے 2009 میں اپنا ڈیبیو کیا تھا، 17 جون کو گال میں بنگلا دیش کے خلاف ٹیسٹ  ان کے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ ہوگا۔

البتہ وہ سری لنکا کی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے لیے دستیاب رہیں گے، حالانکہ انہوں نے گزشتہ جون کے بعد سے کسی محدود اوورز کا انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا۔

سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں میتھیوز نے کہا کہ سری لنکا کے لیے گزشتہ 17 سال کرکٹ کھیلنا میرے لیے سب سے بڑا اعزاز اور فخر رہا ہے۔ میں نے کرکٹ کو سب کچھ دیا اور کرکٹ نے بدلے میں مجھے سب کچھ دیا اور آج جو کچھ بھی ہوں، کرکٹ کی بدولت ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ فارمیٹ سے رخصت لے رہا ہوں، جیسا کہ سلیکٹرز کے ساتھ بات چیت ہوئی ہے، میں محدود اوورز کے فارمیٹس کے لیے دستیاب رہوں گا، اگر  میرے ملک کو میری ضرورت ہو۔

واضح رہے کہ میتھیوز سری لنکا کے ٹیسٹ کرکٹ میں تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر کے طور پر ریٹائر ہوں گے۔

دائیں ہاتھ کے بیٹر نے اب تک 118 میچوں میں 44.62 کی اوسط سے 8 ہزار 167 رنز بنائے ہیں۔ ان سے آگے صرف کمار سنگاکارا (12 ہزار 400 رنز) اور مہیلا جے وردھنے (11 ہزار 814 رنز)  ہیں۔

بطور بولر میتھیوز نے ٹیسٹ کرکٹ میں 33 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

میتھیوز نے 2013 سے 2017 کے دوران 34 ٹیسٹ میچز میں سری لنکن ٹیم کی قیادت کی۔

مزید خبریں :