Time 24 مئی ، 2025
پاکستان

نیویارک میں گندھارا کی سرگوشیاں، نوادارات پاکستان کے حوالے

نیویارک میں گندھارا کی سرگوشیاں، نوادارات پاکستان کے حوالے
نوادرات کو حکومتِ پاکستان کے حوالے کرنے کی باقاعدہ دستخطی تقریب منعقد ہوئی۔—فوٹو: یو این مشن

نیویارک میں پاکستان کے قونصل خانے اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کے زیر اہتمام مشن کی عمارت میں ثقافتی نمائش 'گندھارا کی سرگوشیاں' منعقد کی گئی جو پاکستان کی گندھارا تہذیب اور بدھ مت ورثے کی جھلک ثابت ہوئی۔

نمائش میں گندھارا اور وادی سندھ کی تہذیبوں سے تعلق رکھنے والے 39 نایاب نوادرات پیش کیے گئے، جو مین ہٹن ڈسٹرکٹ اٹارنی کے انسدادِ نوادرات اسمگلنگ یونٹ کی کاوشوں کے نتیجے میں پاکستان واپس لائے گئے۔

یہ نوادرات تیسری صدی قبل مسیح سے لے کر چوتھی صدی عیسوی تک کے دور سے تعلق رکھتے ہیں، ان میں بدھ اور بودھی ستووں کے مجسمے، بیانیہ سنگی نقوش، مذہبی برتن اور ماں دیوی کے مجسمے شامل تھے جو پاکستان کے گہرے روحانی ورثے اور فنی مہارت کا مظہر ہیں۔

نیویارک میں گندھارا کی سرگوشیاں، نوادارات پاکستان کے حوالے
یہ نوادرات تیسری صدی قبل مسیح سے لے کر چوتھی صدی عیسوی تک کے دور سے تعلق رکھتے ہیں—فوٹو: یو این مشن

نمائش میں مختلف ممالک کے اقوام متحدہ مشنز سے تعلق رکھنے والے سفارت کار، پاکستان مشن اور قونصل خانے کے افسران و عملہ، امریکا کے سینیئر حکام بھی شریک ہوئے جن میں مین ہٹن ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر اور نیویارک کے میئر آفس کے نمائندگان شامل تھے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گندھارا محض ایک قدیم تہذیب نہیں بلکہ امن، رواداری اور مکالمے کی ان اقدار کی زندہ علامت ہے جو صدیوں سے پاکستان کی سرزمین پر پروان چڑھتی رہی ہیں۔

سفیر عاصم افتخار نے کہا کہ گندھارا بدھ مت فن و دانش کا ایک بے مثال مرکز رہا ہے، جو مشرق و مغرب کے سنگم پر ایک ایسا مقام بن کر ابھرا جہاں روحانی روایات فنکارانہ اظہار کے ساتھ ہم آہنگ ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ گندھارا کو اجاگر کرنا دراصل نہ صرف ایک شاندار ماضی کی جھلک پیش کرنا ہے بلکہ یہ پاکستان کے اس عزم کی بھی تجدید ہے کہ ہم اپنی مشترکہ انسانی میراث کے تحفظ و فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔

سفیر نے اس بات کو قابل فخر قرار دیا کہ پاکستان کے کئی بدھ مت آثار قدیمہ کو یونیسکو نے عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیا ہے اور کہا کہ ہم یونیسکو اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر ان مقامات کے تحفظ اور فروغ کے لیے اپنے تعاون پر قائم ہیں۔

نیویارک میں گندھارا کی سرگوشیاں، نوادارات پاکستان کے حوالے
فوٹو: یو این مشن

انہوں نے کہا کہ یہ کوششیں اس امر کی روشن مثال ہیں کہ بین الاقوامی تعاون کے ذریعے تاریخی ناانصافیوں کا ازالہ کیا جا سکتا ہے اور ثقافتوں و اقوام کو ان کا وقار بحال کیا جا سکتا ہے۔

پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے شرکا کو بتایا کہ گندھارا سے ان کا ذاتی تعلق ہے کیونکہ یہ ان کے آبائی شہر نوشہرہ سے جڑا ہے، جو مشہور عالمی ورثہ مقام تختِ بھائی کے قریب واقع ہے۔

سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے ویڈیو خطاب کیا اور ان نوادرات کی بازیابی میں امریکی حکام کے کردار پر ان سے اظہار تشکر کیا۔

انسدادِ نوادرات اسمگلنگ یونٹ کے سربراہ کرنل میتھیو بوگڈانوس نے بھی اس موقع پر خطاب کیا جس کے بعد نوادرات کو حکومتِ پاکستان کے حوالے کرنے کی باقاعدہ دستخطی تقریب منعقد ہوئی۔

نوادرات کی نمائش کے بعد تقریب کااختتام روح پرور قوالی کی شاندار محفل کے ساتھ ہوا، جس نے شرکا کو بے حد متاثر کیا۔

مزید خبریں :