24 مئی ، 2025
امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آئی فون پر نیا ٹیکس عائد کر کے بھارت کو ایک اور بڑے صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت میں بننے والے ایپل آئی فون کی حوصلہ شکنی کے لیے ایک اور بیان دیتے ہوئے کہا کہ امریکا میں صرف وہی آئی فون فروخت ہوں گے جو امریکا میں ہی بنے اور تیار کیے گئے ہوں ناکہ بھارت یا کسی اور جگہ سے درآمد کیے گئے ہوں۔
ان کا کہنا تھا ایسے آئی فون کی امریکا میں فروخت پر ایپل کمپنی کو ٹیکس ادا کرنا ہو گا، اپیل کے مالک ٹم کک کو اس حوالے سے پہلے ہی آگاہ کر چکا ہوں۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یکم جون سے یورپی یونین پر بھی 50 فیصد تجارتی ٹیرف عائد کرنے کی تجویز دے دی ہے۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا یورپی یونین کے ساتھ معاملات کرنا نہایت مشکل ثابت ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کی تجارتی رکاوٹیں، ویٹ ٹیکس، کارپوریٹ جرمانے، غیر مالیاتی تجارتی رکاوٹیں، امریکی کمپنیوں کے خلاف غیر منصفانہ اور بلاجواز مقدمے اور دیگر عوامل نے امریکا کے ساتھ سالانہ 25 کروڑ ڈالر سے زائد کا تجارتی خسارہ پیدا کیا ہے، جو کہ بالکل ناقابل قبول ہے۔