یہ جعلی خط ایک ایسے X (ٹوئٹر) کے اُس اکاؤنٹ سے شیئر کیا گیا جو سیاسی طنز و مزاح پر مبنی مواد پوسٹ کرتا ہے۔
24 مئی ، 2025
پاکستان کی وزارت دفاع کے نام سے منسوب ایک نوٹیفکیشن جھوٹے دعویٰ کے ساتھ سوشل میڈیا پر شیئر کیا جارہا ہے کہ ایئر وائس مارشل (AVM) اورنگزیب احمد کو بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے بعد پاکستان ایئر فورس (PAF) سے برطرف کر دیا گیا ہے۔
یہ خط جعلی ہے۔
سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر 14 مئی کو وزارت دفاع کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ائیر وائس مارشل اورنگزیب احمد کو پاکستان کے کرانہ ہلز میں مبینہ سیکیورٹی خلاف ورزی کے باعث اُن کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔
نوٹیفیکیشن میں لکھا گیا ہے کہ ”مجھے یہ حکم دیا گیا ہے کہ حکومتِ پاکستان کا فیصلہ آپ تک پہنچاؤں کہ آپ کو فوری طور پر پاک فضائیہ کے سربراہ کے عہدے سے سبکدوش کیا جا رہا ہے، کیونکہ آپ کرانہ ہلز- جو ایک اہم ایٹمی تنصیب ہے-کے تحفظ میں ناکام رہے۔“
پاکستان اور بھارت دونوں ممالک میں سوشل میڈیا صارفین نے اس دستاویز کی صداقت پر سوال اٹھا رہے ہیں۔
نہ تو ائیر وائس مارشل اورنگزیب احمد سے متعلق کوئی نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے اور نہ ہی ایسا کوئی فیصلہ کیا گیا ہے، جس کی تصدیق وزارتِ دفاع اور جیو فیکٹ چیک کی آزادانہ تحقیق دونوں نے کی ہے۔
وزارتِ دفاع کی پبلک ریلیشنز آفیسر، سدرہ حسین نے جیو فیکٹ چیک کو ٹیلی فون پر بتایا کہ یہ خط ”جعلی“ ہے۔
سدرہ حسین نے کہا کہ ”وزارتِ دفاع نے ایسا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا، اور ایسے خطوط پر ڈیفنس سیکریٹری خود دستخط نہیں کرتے۔“ انہوں نے نشاندہی کی کہ دستاویز پر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) محمد علی کے دستخط موجود ہیں، جو ایک غیر معمولی بات ہے۔
اس خط میں کئی واضح نشانیاں بھی موجود ہیں، جیسا کہ اوپر دائیں کونے میں صاف طور پر-بیگن / طنز- لکھا ہوا ہے۔
جیو فیکٹ چیک نے اس جعلی دستاویز کے ماخذ کا پتا لگایا، جو ایک X (سابقہ ٹوئٹر) اکاونٹ The Baingan سے منسلک ہے، جو خود کو-سیاسی طنز و مزاح- کا پلیٹ فارم قرار دیتا ہے۔
اس کے علاوہ، یہ نوٹیفیکیشن وزارتِ دفاع کی سرکاری ویب سائٹ پر موجود نہیں اور نہ ہی کسی معتبر پاکستانی خبر رساں ادارے نے اس حوالے سے کوئی خبر دی ہے۔
فیصلہ: ائیر وائس مارشل اورنگزیب احمد کی برطرفی سے متعلق وائرل خط جعلی اور طنزیہ ہے۔ وزارتِ دفاع نے اس دستاویز کے اجراء کی تردید کی ہے۔
ہمیں X (ٹوئٹر) GeoFactCheck@ اور انسٹا گرام geo_factcheck@ پر فالو کریں۔ اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں