لاہور کے 5 سرکاری اسپتالوں میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی تصویر والے میڈیکل ٹیسٹ فارمز استعمال کئے جا رہے ہیں
24 مئی ، 2025
سوشل میڈیا صارفین کا دعویٰ ہے کہ لاہور کے سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو دیے جانے والے فارمز پر اب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی تصویر موجود ہے۔
یہ دعویٰ درست ہے۔ لاہور کے بعض سرکاری اسپتالوں میں ٹیسٹ فارمز پر واقعی وزیراعلیٰ کی تصویر بطور واٹرمارک موجود ہے۔
18 مئی کو ایک صارف نے X (سابقہ ٹوئٹر) پر لاہور کے سرکاری جناح اسپتال کے سی ٹی اسکین کی درخواست فارم کی تصویر شیئر کی جس پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا واٹرمارک موجود تھا۔
صارف نے لکھا: ”نئے ایم آر آئی، ریڈیالوجی کی درخواستوں کے فارم، رنگ اور مریم نواز کی تصویر بطور واٹر مارک چیک کریں“۔
یہ تصویر X پر وسیع پیمانے پر شیئر کی گئی جب کہ کچھ صارفین نے اس کی اصلیت پر سوال اٹھاتے ہوئے اس فارم کو ”جعلی“ قرار دیا۔
کچھ سرکاری اسپتال واقعی ایسے درخواست فارم استعمال کر رہے ہیں جن پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی تصویر موجود ہے، اس بات کی تصدیق ڈاکٹروں اور جیو فیکٹ چیک کی آزادانہ تحقیقات نے کی ہے۔
جیو فیکٹ چیک کی ٹیم نے لاہور کے 2 سرکاری اسپتالوں جناح اسپتال اور میو اسپتال کا دورہ کیا۔
جیو فیکٹ چیک کو دونوں اسپتالوں سےمعلوم ہوا کہ سی ٹی اسکین کے لیے جاری کیے جانے والے ریکیوزیشن فارمز پر وزیر اعلیٰ کی تصویر کا واٹر مارک موجود تھا۔ یہ ریکوزیشن فارم ڈاکٹر مریضوں کو اس مقصد کے لیے جاری کرتے ہیں تاکہ وہ جان سکیں کہ کون سے ٹیسٹ کروانے ہیں۔
میو اسپتال کے ایک ڈاکٹر نے جیو فیکٹ چیک سے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر حال ہی میں واٹر مارک والے میڈیکل فارمز کے استعمال کی تصدیق کی۔
جبکہ میو اسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہارون حمید نے جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ یہ فارم اسپتال نے خود پرنٹ نہیں کروائے بلکہ ایک نجی کمپنی نے پرنٹنگ کا کام انجام دیا ہے جسے یہ ذمہ داری سونپی گئی تھی۔
اس کے علاوہ پنجاب کے وزیر صحت کے پبلک ریلیشنز آفیسر حماد رضا بخاری نے بتایا کہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے اس معاملے کا ”سخت نوٹس“ لیا ہے اور تمام میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت دی ہے کہ ایسے تمام مواد کو فوری طور پر ہٹایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آؤٹ سورس کمپنی نے خود سے فیصلہ کیا تھا کہ فارمز پر وزیراعلیٰ کی تصویر شامل کی جائے۔
تاہم اس بیان کی تردید اُس آؤٹ سورس کمپنی حورہ فارما (Hoora Pharma) نے کی جو ان فارموں کی طباعت اور ٹیسٹوں کے انعقاد کی ذمہ دار ہے۔
حورہ فارما کے ایک ملازم نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ وہ محکمہ صحت کی پیشگی منظوری کے بغیر کوئی فارم پرنٹ نہیں کرتے۔
انہوں نے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے کہا: ”ہماری کمپنی نے پرنٹ کرائے ہیں لاہور کے 5 سرکاری اسپتالوں کےلیے منسٹری آف ہیلتھ کی تمام اپروولز (approvals) ہیں، ان کی اپروول کے بغیر کچھ بھی نہیں ہوتا، ان کی مرضی کے بغیر ہم کچھ نہیں کرتے۔“
فیصلہ: لاہور کے بعض سرکاری اسپتالوں میں میڈیکل ٹیسٹ فارمز پر پنجاب کی وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف کی تصویر بطور واٹرمارک موجود ہے۔
ہمیں X (ٹوئٹر) GeoFactCheck@ اور انسٹا گرام geo_factcheck@ پر فالو کریں۔ اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔