Time 25 مئی ، 2025
پاکستان

ترک صدر سے ملاقات، وزیراعظم نے بھارت کیخلاف جنگ میں حمایت پر ترک حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا

وزیراعظم شہباز شریف نے استنبول میں ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی ہے۔

استنبول میں ہونے والی ملاقات بہت خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہری، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے جنوبی ایشیا میں حالیہ بحران کے دوران حمایت پر ترکیہ کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ دونوں قوموں کے درمیان رشتہ بہت مضبوط ہے۔ 

انہوں نے ترکیہ کے اصولی مؤقف اور پاکستان کیلئے ترک عوام کی حمایت کو سراہا اور کہا کہ یہ حمایت پاکستان کیلئے تسکین کا باعث بنی۔

وزیراعظم نے پاکستانی مسلح افواج کے حوصلے اور قربانی کے جذبے اور پاکستانی عوام کے جذبہ حب الوطنی کا ذکر کیا جس کا مظاہرہ حال ہی میں معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کے دوران مادر وطن کے دفاع میں کیا گیا۔

وزیراعظم نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان معاشی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا اور ان شعبوں کی نشاندہی کی جن میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے جس  میں قابل تجدید توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، دفاعی پیداوار، انفراسٹرکچر کی ترقی اور زراعت شامل ہیں۔ 

ترک صدر نے جموں و کشمیر کے مسئلے پر پاکستان کی اصولی حمایت کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے غزہ کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا اور وہاں فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی بلا روک ٹوک فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔ 

اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید بھی موجود تھے۔

ترک صدر نے وزیراعظم اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔ 

خیال رہے کہ برادر اسلامی ممالک ترکیہ اور آذربائیجان نے بھارت سے حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کی حمایت کا اعلان کیا تھا اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا تھاکہ ترکیہ پاکستانی قوم کے ساتھ ان کے اچھے اور برے دنوں میں کھڑا رہےگا۔

مزید خبریں :