26 مئی ، 2025
پاکستان سپر لیگ 10 کا فائنل شروع ہونے سے کچھ دیر پہلے لاہور پہنچنے والے سکندر رضا نے لاہور قلندرز کو تیسری بار پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) کا ٹائٹل جتوا دیا۔
لاہور قلندرز نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے کر تیسری بار ٹائٹل جیت لیا۔
لاہور میں کھیلےگئے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
کوئٹہ نے پہلےکھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔
لاہورقلندرز نے 202 رنزکا ہدف کوشل پریرا اور سکندر رضا کی شاندار بیٹنگ کی بدولت آخری اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کیا اور تیسری بار ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
کوشل پریرا 62 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ لاہور قلندر کی جانب سے وننگ شاٹ کھیلنے والے سکندر رضا نے صرف 7 گیندوں پر 22 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو تیسری بار ٹرافی جتوادی۔
سکندر فائنل سے 24 گھنٹے قبل ناٹنگھم میں قومی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے
دراصل پی ایس ایل 10 کے فائنل میں لاہور قلندرز کی جانب سے وننگ شاٹ مارنے والے سکندر رضا، میچ سے 24 گھنٹے قبل ناٹنگھم میں قومی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔
انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ ختم ہوا تو سکندر رضا 3 فلائٹس بدل کر لاہور پہنچے، قلندرز کی جرسی پہنی، میدان میں اترے اور ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرادیا ۔
پی ایس ایل 10 جیتنے کے بعد سکندر رضا نے بتایا کہ میں کل انگلینڈ میں زمبابوے ٹیم کیلئے بیٹنگ کر رہا تھا اور فائنل میچ سے کچھ دیر پہلے لاہور پہنچا تھا۔
برمنگھم میں ڈنر، دبئی میں ناشتہ، ابوظبی میں لنچ اور لاہور میں وننگ شاٹ
سکندر رضا نے کہا کہ میں نے کل ڈنر برمنگھم میں کیا، دبئی میں ناشتہ اور ابوظبی میں لنچ کیا، طویل سفر کرکے آیا کیوں کہ مجھے معلوم تھا کہ ٹیم کو میری ضرورت ہے، میں تھکا ہوا تھا،عزم تھا کہ جو گیند ملے گی اس پربہتر شاٹ کھیلوں۔
زمبابوین آل راؤنڈر کی شاندار کمٹمنٹ کے مظاہرے کو کرکٹ فینز خوب سرا رہے ہیں۔