26 مئی ، 2025
کراچی کے علاقے کے ڈی اے اسکیم میں گھر میں صفائی کا کام لےکر 3 خواتین 98 لاکھ روپے مالیت کے زیورات لے اڑیں۔
پولیس کے مطابق کے ڈی اے اسکیم کے گھر میں چوری کا مقدمہ منصورعظیم نامی شخص کی مدعیت میں شارع فیصل تھانے میں درج کرلیا گیا۔
مقدمے کے مدعی کے مطابق 3 خواتین نےاہل خانہ کوبیروزگاری کا بتا کرگھرمیں صفائی کا کام مانگا تھا، اہلخانہ نے ترس کھا کرگھرکی صفائی کا ایک دن کاکام خواتین کو دیا، تینوں خواتین نے کچھ دیر میں گھرمیں صفائی کی اوراجرت لےکر چلی گئیں۔
مدعی منصورعظیم نے ایف آئی آر میں مؤقف اپناتے ہوئے بتایا ہے کہ واردات 17 مئی کو دوپہر 12 سے 3 بجے کے دوران ہوئی جبکہ واردات کا علم کل رات الماری کا معائنہ کرنے پر ہوا جب جیولری باکس خالی ملا۔
شارع فیصل پولیس کے مطابق چوری ہوئے زیورات کی مالیت 98 لاکھ روپے بتائی گئی ہے، خواتین کا موبائل فون بند ہے جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سےتلاش جاری ہے۔