19 مئی کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والا پاکستان سپر لیگ (PSL) کا ایک میچ اس بات کی تصدیق ہے کہ اسٹیڈیم کو کوئی نقصان نہیں پہنچا
27 مئی ، 2025
ایک کروڑ 20 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھی جانے والی ایک تصویر اس دعویٰ کے ساتھ شیئر کی جارہی ہے کہ مئی میں ایک بھارتی میزائل حملے کے بعد پاکستان کا راولپنڈی میں واقع کرکٹ اسٹیڈیم ملبے کا ڈھیر بن گیا ہے۔
یہ دعویٰ غلط ہے۔
12 مئی کو صارف نے ایک تصویر X (سابقہ ٹوئٹر) پر پوسٹ کی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ تصویر راولپنڈی کے کرکٹ اسٹیڈیم کی ہے جو ”آپریشن سندور“ میں بھارتی میزائل حملے میں تباہ ہوا۔ اس پوسٹ کو 1 کروڑ 14 لاکھ سے زائد بار دیکھا، 14 ہزار دفعہ ری پوسٹ اور 1 لاکھ 29 ہزار بار لائک کیا گیا ہے۔
ایک اور صارف نے یہی تصویر ہندی زبان میں شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بھارت نے ڈرون حملے کے ذریعے اسٹیڈیم کو تباہ کر دیا ہے۔
یہ تصویر راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی نہیں ہے۔ جیو نیوز کے رپورٹر ارفع فیروز ذکی نے 15 مئی کو اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور جیو فیکٹ چیک کو تصاویر بھیجیں جن میں اسٹیڈیم کو صحیح سالم اور بغیر کسی نقصان کے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس کے علاوہ 19 مئی کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا ایک میچ بھی منعقد ہوا جو اس بات کی تصدیق ہے کہ اسٹیڈیم کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
میچ یہاں دیکھا جا سکتا ہے:
اگرچہ 9 مئی کو سی این این (CNN) کی رپورٹ میں اسٹیڈیم کے قریب ڈرون حملے کا نقصان دکھایا گیا، لیکن اسٹیڈیم خود بالکل محفوظ رہا۔
یہ بات بھی شامل کرنا ضروری ہے کہ جیو فیکٹ چیک آن لائن گردش کرتی ہوئی وائرل تصویر کے مقام کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کر سکا۔
فیصلہ: یہ دعویٰ مکمل طور پر بے بنیاد ہے۔ وائرل تصویر راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے بھارتی ڈرون حملے میں تباہ ہونے کی نہیں ہے۔
ہمیں X (ٹوئٹر) GeoFactCheck@ اور انسٹا گرام geo_factcheck@ پر فالو کریں۔ اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔