Time 28 مئی ، 2025
کاروبار

کے الیکٹرک کو 39 روپے 97 پیسے فی یونٹ کا اوسط بجلی سپلائی ٹیرف دیدیا گیا

کے الیکٹرک کو 39 روپے 97 پیسے فی یونٹ کا اوسط بجلی سپلائی ٹیرف دیدیا گیا
فوٹو: فائل

اسلام آباد: کے الیکٹرک کو 39 روپے 97 پیسے فی یونٹ کا اوسط بجلی سپلائی ٹیرف دے دیا گیا۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کے 7 سالہ اوسط بجلی سپلائی ٹیرف پر فیصلہ جاری کر دیا۔

نیپرا کے مطابق کے الیکٹرک کا 7 سالہ بجلی سپلائی ٹیرف 2023-24سے 2029-30 تک کیلئے ہوگا، یہ ٹیرف کے الیکٹرک کے گزشتہ ٹیرف کے مقابلے میں 18 فیصد زیادہ ہے۔

 اس سے قبل 30 جون 2023 کو کے الیکٹرک کے 7 سالہ ٹیرف کا دورانیہ ختم ہو گیا تھا۔

نیپرا فیصلے میں کے الیکٹرک کو 2023-24 کیلئے 39روپے 97پیسے فی یونٹ کا اوسط بجلی سپلائی ٹیرف دیا گیا ہے۔

 ذرائع کے مطابق اس سے قبل کے الیکٹرک کیلئے گزشتہ  ٹیرف 33روپے 82 پیسے فی یونٹ تھا۔

کے الیکٹرک کو ملنے والا نیا ٹیرف 2023-2024 کیلئے ڈسکوز کے بنیادی ٹیرف سے 34 فیصد زیادہ ہے۔

نیپرا فیصلے کے مطابق کے الیکٹرک کے 2023 -24 کیلئے بجلی سپلائی ٹیرف میں 31روپے 96 پیسے فی یونٹ بجلی، خریداری قیمت 2 روپے 86 پیسے ،ٹرانسمشن لاگت 3 روپے 31پیسے ،ڈسٹری بیوشن لاگت 2 روپے 28 پیسے فی یونٹ کا سپلائی مارجن شامل ہے۔

 گزشتہ سال کی ایڈ جسٹمنٹ کے تحت 44 پیسے فی یونٹ کی کٹوتی کی گئی ہے۔

نیپرا کے مطابق کے الیکٹرک کا نیا اوسط بجلی سپلائی ٹیرف صارفین پر اثر انداز نہیں ہوگا، ملک بھر میں بجلی کے یکساں نرخ مقرر ہیں۔کے الیکٹرک کے ٹیرف میں اضافہ وفاقی حکومت کی سبسڈی سے پورا ہو گا۔

نیپرا کے مطابق 7 سالوں کے دوران کے الیکٹرک کو وصولیاں 93.25فیصد سے بڑھا کر 96.50 فیصد کرنے کا ہدف دیا گیا ہے۔ 

مزید خبریں :