Time 28 مئی ، 2025
دنیا

پاکستان کے ہاتھوں رافیل کی تباہی، فرانسیسی فوج کا پہلی بار ردعمل سامنے آگیا

پاکستان کے ہاتھوں رافیل کی تباہی، فرانسیسی فوج کا پہلی بار ردعمل سامنے آگیا
فوٹو: اسکرین شاٹ

حالیہ پاک بھارت جنگ میں پاک فضائیہ کے ہاتھوں فرانس کے جدید لڑاکا طیارے رافیل کی تباہی پر فرانسیسی فوج کے ترجمان کا ردعمل سامنے آگیا۔

پاکستان نے7 مئی کو بھارت کی جانب سے پاکستانی سرزمین پر جارحیت کے ردعمل میں  بھارت کے 7 طیارے مار گرائے تھے جن میں 3 رافیل بھی شامل تھے۔

عالمی میڈیا پاک فضائیہ کے ہاتھوں رافیل جیسے جدید طیاروں کی تباہی کو بھارت کے لیے ذلت آمیز شکست قرار دے چکا ہے۔

عسکری ماہرین کے مطابق پاکستان نے پہلی بار  رافیل جیسے جدید طیاروں کو گرا کر  بھارت پر اپنی فضائی برتری ثابت کردی ہے۔

اس حوالے سے فرانسیسی فوج کے ترجمان کا ردعمل سامنے آیا ہے۔

گزشتہ روز پیرس میں معمول کی پریس بریفنگ کے دوران صحافی کے پاک بھارت جنگ میں رافیل کی تباہی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر فرانسیسی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ واقعےکی تفصیلات ابھی غیر یقینی ہیں اور بہت سے پہلو تصدیق طلب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رافیل کی کارکردگی کے حوالے سے فرانس صورتحال کو بغور دیکھ رہا ہے اور اپنے شراکت دار بھارت کے ساتھ براہ راست معلومات حاصل کرنے کے لیے رابطے میں ہے۔

 ترجمان کا کہنا تھا کہ رپورٹس کے مطابق اس لڑائی میں سیکڑوں طیاروں نے حصہ لیا، فرانس  اس لڑائی کے تجربے سے زیادہ سے زیادہ سیکھنے کا خواہاں ہے۔ اگر رافیل کے مار گرائے جانے کی رپورٹس درست ثابت ہوئیں تو یہ اس  جہاز کے دو دہائیوں کی آپریشنل سروس کے دوران پہلا واقعہ ہوگا۔

خیال رہےکہ پاک فضائیہ کی جانب سے 7 طیارے گرانے پر بھارت نے انکار کیا ہے تاہم 9 مئی کو ایک بریفنگ میں رافیل طیارے کے نقصان کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں بھارتی فضائیہ کے ائیر مارشل اے کے بھارتی نے کہا تھا کہ نقصانات لڑائی کا حصہ ہوتے ہیں اور میں اس سے زیادہ تفصیل نہيں بتاسکتا، اس سے فریق مخالف کو فائدہ ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت نے 2019 میں پاکستان کے ہاتھوں اپنے 2 طیاروں کی تباہی کے بعد  فرانس سے 36 رافیل طیارے خریدے تھے جن میں سے 3 پاکستان نے حالیہ جنگ میں تباہ کردیے ہیں۔


مزید خبریں :