29 مئی ، 2025
ڈھاکا: بنگلا دیش میں نئے الیکشن کا مطالبہ لے کر اپوزیشن جماعتیں سڑکوں پر آگئی ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق بدھ کے روز ڈھاکا میں سابق بنگلادیشی وزیراعظم خالدہ ضیاء کی بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی نے ایک بڑی ریلی نکالی جس میں ہزاروں افراد شریک تھے۔
بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی نے عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر یونس سے رواں سال دسمبر میں الیکشن کرانے کا مطالبہ کیا۔
خیال رہے کہ بی این پی کی جانب سے یہ ریلی ایسے وقت میں نکالی گئی جب بنگلا دیش کے آرمی چیف کی جانب سے بھی دسمبر میں الیکشن کرانے کا مطالبہ سامنے آنے کی خبریں ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق ڈاکٹر یونس پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ الیکشن جون 2026 میں ہوں گے۔
واضح رہے گزشتہ سال اگست میں طلبہ تحریک کے بعد اس وقت کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد بھارت فرار ہو گئی تھیں اور ڈاکٹر محمد یونس نے بنگلادیش کے عبوری سربراہ کا عہدہ سنبھالا تھا۔