فیکٹ چیک: پنجاب میں شادیوں پر پیسے نچھاور کرنے پر کوئی پابندی نہیں لگائی گئی

تین سرکاری حکام نے تصدیق کی ہے کہ پنجاب حکومت نے نہ تو ایسا کوئی نوٹیفکیشن جاری کیا ہے اور نہ ہی ایسی کوئی پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین دعویٰ کر رہے ہیں کہ پنجاب حکومت نے شادیوں میں پیسے نچھاور کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے، کچھ پوسٹس میں یہ الزام بھی لگایا گیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں دولہے کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

یہ دعویٰ غلط ہے۔

دعویٰ

13 اپریل کو ایک فیس بک صارف نے اردو زبان میں لکھا: ”پنجاب میں شادیوں پر کرنسی نوٹ پھینکنے پر پابندی لگا دی گئی، خلاف ورزی پر دولہے کو گرفتار کیا جائے گا۔“


ایسے ہی دعوے X (ٹوئٹر) اور تھریڈز پر بھی شیئر کیے گئے۔

حقیقت

تین سینئر حکام نے جیو فیکٹ چیک کو اس کی تصدیق کی ہے کہ پنجاب حکومت نے شادیوں میں پیسے نچھاور کرنے پر نہ تو کوئی نوٹیفکیشن جاری کیا ہے اور نہ ہی کوئی پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ڈائریکٹر نیوز، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پبلک ریلیشنز (DGPR) لاہور، محمد سہیل جنجوعہ نے ٹیلی فون پر بتایا: ”پنجاب کے محکمہ قانون کی طرف سے اس حوالے سے کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا ہے۔“

ڈپٹی ڈائریکٹر الیکٹرانک میڈیا، DGPR، حفصہ جاوید نے بھی تصدیق کی کہ ایسی کوئی ہدایت جاری نہیں کی گئی ہے۔

جبکہ ترجمان پنجاب ہوم ڈیپارٹمنٹ، توصیف صبیح گوندل نے بتایا کہ انہوں نے اپنے محکمہ کے جوڈیشیل اور انٹرنل سیکورٹی کے شعبوں کے ساتھ ساتھ پولیس سے بھی رابطہ کیا، جنہوں نے اس طرح کی کسی پابندی کی موجودگی کی تردید کی ہے۔

جیو فیکٹ چیک نے پنجاب اسمبلی اور محکمہ قانون پنجاب کی ویب سائٹس کا بھی جائزہ لیا لیکن کوئی متعلقہ حکم، نوٹیفکیشن، ہدایت نامہ یا قانون نہیں ملا۔

فیصلہ: پنجاب حکومت کی جانب سے شادیوں میں کرنسی نوٹ نچھاور کرنے پر پابندی عائد کرنے کا کوئی سرکاری نوٹیفکیشن یا ہدایت نامہ جاری نہیں کیا گیا ہے۔

ہمیں X (ٹوئٹر) GeoFactCheck@ اور انسٹا گرام geo_factcheck@ پر فالو کریں۔ 

اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔