29 مئی ، 2025
سخت اور بے باک سوالات کی وجہ سے مشہور برطانوی صحافی پیئرز مورگن نے فلسطین اسرائیل حالیہ جنگ کے معاملے پر اسرائیلی سفیر کو لاجواب کر دیا۔
برطانوی صحافی پیئرز مورگن نے اسرائیلی سفیر سے سوال کیا آپ نے کتنے فلسطینی بچوں کو قتل کیا؟ تاہم اسرائیلی سفیر کے پاس اس کا کوئی جواب نہ تھا۔
اسرائیلی سفیر پیئرز مورگن کے سوال کا جواب دینے سے قاصر رہیں، صرف اتنا کہہ سکیں میرے پاس اس سوال کا جواب نہیں ہے۔
اس کے علاوہ پیئرز مورگن کا کہنا تھا اسرائیلی حکام دعویٰ کرتے ہیں کہ انہوں نے حماس کے 30 ہزار جنگجوؤں کو قتل کیا لیکن افسوس کے ساتھ ان کے پاس یہ ڈیٹا نہیں ہے کہ غزہ میں کتنے بچوں کو قتل کیا جا چکا ہے۔
پیئرز مورگن نے اسرائیل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے غزہ میں بین الاقوامی میڈیا کا داخلہ بند کر رکھا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اسرائیل کی حمایت کرنے والے برطانوی صحافی پیئرز مورگن نے بھی اسرائیل کو ظالم ریاست تسلیم کیا تھا۔
برطانوی صحافی نے اسرائیل کو ظالم مانتے ہوئے فلسطینیوں کی نسل کشی سے متعلق صحافی مہدی حسن کے مؤقف سے اتفاق کیا تھا۔
پیئرز مورگن نے مہدی حسن کے مؤقف سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ جتنی آپ نے اسرائیل پر تنقید کی، میں اتنا ہی انکار کرتا رہا لیکن اب مزید انکار نہیں کروں گا۔
یاد رہے کہ غزہ میں اسرائیلی بمباری اور طویل محاصرے کے باعث اب تک ہزاروں بچے شہید ہو چکے ہیں اور سینکڑوں بچے بھوک اور فاقہ کشی کا شکار ہیں۔