فیکٹ چیک: بیرسٹر گوہر کی پرانی ویڈیو کو ’عمران خان پر حملہ‘ کے طور پر دوبارہ شیئر کیا گیا

یہ پریس ٹاک 21 مئی 2024 کی ہے، جب بیرسٹر گوہر نے پی ٹی آئی کے ایک اور رہنما، رؤف حسن پر حملے کے بارے میں میڈیا سے بات کی

سوشل میڈیا پر گردش کرتی ایک ویڈیو میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (PTI) کے سینئر رہنما بیرسٹر گوہر خان نے حال ہی میں انکشاف کیا ہےکہ جیل میں قید سابق وزیرِ اعظم عمران خان پر پنجاب کے شہر راولپنڈی کی سنٹرل جیل میں ایک اور قیدی نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے۔

یہ دعویٰ بے بنیاد ہے۔

دعویٰ

24 مئی کو X (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک صارف نے 20 سیکنڈ کی ایک ویڈیو اردو کیپشن کے ساتھ شیئر کی: ”عمران خان [سابق وزیر اعظم] پر اڈیالہ جیل میں ایک قیدی نے حملہ کیا ہے ،عمران خان کے چہرے پر بلیڈ مارے گئے ہیں، عمران خان کے گال پھٹ گئے ہیں۔“

ویڈیو میں بیرسٹر گوہر خان میڈیا سے گفتگو کرتے نظر آتے ہیں، جہاں مبینہ طور پر وہ کہتے ہیں کہ عمران خان کی حالت بہتر ہے لیکن ان کے گال پر گہرا زخم ہے۔

اس آرٹیکل کے شائع ہونے تک اس پوسٹ کو 2 لاکھ 68 ہزار بار دیکھا، 470 مرتبہ دوبارہ پوسٹ اور1 ہزار 400 دفعہ لائیک کیا گیا۔

یہ دعویٰ فیس بک اور ٹک ٹاک پر بھی وائرل ہے۔

حقیقت

بیرسٹر گوہر خان کی یہ ویڈیو حالیہ نہیں ہےاور نہ ہی یہ عمران خان کے بارے میں ہے۔

یہ ویڈیو 21 مئی 2024 کی ہے، جب بیرسٹر گوہر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے ایک اور رہنما رؤف حسن پر حملے کے بارے میں بتایا تھا۔ رؤف حسن کو اسلام آباد میں ایک نجی ٹی وی چینل کے دفتر کی پارکنگ ایریا میں زخمی کیا گیا تھا اور ان کے چہرے پر بلیڈ کا زخم آیا تھا۔

جیو نیوز اور دیگر میڈیا اداروں نے حملے کے بعد بیرسٹر گوہر خان کی پریس کانفرنس نشر کی، جس میں انہوں نے رؤف حسن کی زخمی حالت کے بارے میں بات کی۔ جیو نیوز کی رپورٹ یہاں دیکھی جا سکتی ہے۔

جیو فیکٹ چیک نے 9 منٹ کی مکمل پریس کانفرنس کا جائزہ لیا اور اسے اس ویڈیو میں عمران خان پر کسی حملے کا کوئی ذکر نہیں ملا۔

ڈان نیوز نے بھی اسی دن رؤف حسن پر حملے کی رپورٹ شائع کی تھی۔

فیصلہ: بیرسٹر گوہر خان کی ویڈیو پرانی ہے اور عمران خان پر کسی حملے سے متعلق نہیں ہے۔ یہ ویڈیو مئی 2024 میں پی ٹی آئی کے رہنما رؤف حسن پر حملے کے بارے میں ہے۔ وائرل دعویٰ غلط ہے۔

ہمیں X (ٹوئٹر) GeoFactCheck@ اور انسٹا گرام geo_factcheck@ پر فالو کریں۔ اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔