30 مئی ، 2025
عرب ٹی وی نے غزہ میں امداد کی تقسیم کا سانحے میں بدلنے کے حوالے سے ایک مفصل رپورٹ جاری کردی۔
غزہ میں اسرائیل امریکا کی سرپرستی میں امداد کی تقسیم شدید بدنظمی کا شکار ہے،بدھ کو اسرائیلی فوج نے بھوک پیاس سے بے حال فلسطینیوں پر فائرنگ کی تھی جس سے متعدد فلسطینی شہید ہوگئے۔
اس حوالے سے عرب ٹی وی نے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں بتایا گیا کہ غزہ میں امداد کی تقسیم سانحے میں کیسے بدلی۔
ویب سائٹ کے مطابق غزہ میں شدت اختیار کرنے والے غذائی بحران پر قابو پانے کے لیے اسرائیل اور امریکا کی حمایت یافتہ نئی تنظیم "غزہ ہیومینیٹیرین فاؤنڈیشن" نے محدود امدادی مراکز قائم کیے۔
ان مراکز تک پہنچنے کے لیے ہزاروں بھوکے فلسطینیوں کو شدید گرمی میں طویل فاصلہ طے کرنا پڑا۔
ویب سائٹ کے مطابق بھوک سے تنگ افراد نےجی ایچ ایف نامی امدادی مراکز پر لگی رکاوٹیں توڑیں، جس کے بعد فائرنگ ہوئی اور بھوک سے مرتے کئی فلسطینیوں کو بندوق کی گولیاں کھا کر بھی مرنا پڑا ۔
اقوام متحدہ اور امدادی اداروں نے اسرائیل اور امریکا کی حمایت یافتہ نئی تنظیم امدادی تنظیم"غزہ ہیومینیٹیرین فاؤنڈیشن" پر امداد کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے اور انسانی اصولوں کی خلاف ورزی کا الزام لگایا ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں93 فیصد آبادی شدید غذائی قلت کا شکار ہے۔
واضح رہے کہ ہ غزہ پر اسرائیلی حملے بھی جاری ہیں اور 17ماہ سے زائد عرصے کی جنگ میں شہدا کی تعداد 54 ہزار سے تجاوز کر گئی۔