31 مئی ، 2025
کراچی میں 12 سے 14 گھنٹوں کی بدترین لوڈشیڈنگ کے باوجود ترجمان کے الیکٹرک نے شہر کا 70 فیصد حصہ لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کے باوجود اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جہاں تکنیکی خرابی کےنام پر گھنٹوں بجلی بند کرنا معمول بن گیا ہے جب کہ خرابی کے نام پر بجلی کی بندش کے باوجود لوڈشیڈنگ بھی معمول کے مطابق کی جارہی ہے۔
باقاعدگی سے بل ادا کرتےہیں لیکن اس کےباوجودگھنٹوں بجلی نہیں آتی: شہری
شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 12 سے 14 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے جس میں اولڈسٹی ایریا، ماڑی پور، لائنز ایریا، سرجانی، ماڈل کالونی، ملیر، لانڈھی،کورنگی، اللہ والا ٹاؤن، ا ورنگی ٹاون، نیوکراچی،نارتھ کراچی، سٹی ریلوے کالونی، جامع کلاتھ، لیاقت آباد اور دیگربازاروں میں بھی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہےکہ باقاعدگی سے بل ادا کرتےہیں لیکن اس کےباوجودگھنٹوں بجلی نہیں آتی، شدید گرمی میں خرابی کے نام پر بجلی کی بندش اور پھر لوڈشیڈنگ معمول کے مطابق ہونے سے انتہائی پریشانی کا سامنا ہے۔
ہر ہفتے مینٹیننس ورک کے نام پر 12،12 گھنٹے بجلی کی بندش بھی معمول
شہریوں کے مطابق شدید گرمی میں ہر ہفتے مینٹیننس ورک کے نام پر 12،12 گھنٹے بجلی کی بندش بھی معمول بن گیا ہے جب کہ مینٹیننس کے باوجود معمول کی لوڈشیڈنگ بھی کی جاتی ہے جس سے شدید اذیت کا سامنا ہے۔
دوسری جانب ترجمان کےالیکٹرک کا کہنا ہےکہ جن فیڈرز پر بلوں کی مکمل ادائیگی ہے وہاں بجلی فراہم کی جاتی ہے اور شہر میں کسی کو مفت بجلی کی فراہمی ممکن نہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بجلی صارفین کا ٹیرف پورے پاکستان میں یکساں ہے، کراچی کے صارفین وہی قیمت ادا کرتے ہیں جو دیگر شہروں میں ادا کی جاتی ہے۔
ترجمان نے دعویٰ کیا کہ کراچی کی کمرشل مارکیٹیں 70 فیصد لوڈشیڈنگ فری فیڈرز پر ہیں، موبائل مارکیٹ، الیکٹرانک مارکیٹ، ایمپریس روڈ، لکی اسٹار، بولٹن مارکیٹ، لائٹ ہاؤس، عبداللہ ہارون روڈ اور زینب مارکیٹ لوڈشیڈنگ فری ہیں۔
اسی طرح صدربازار، داؤد پوتہ روڈ، طارق روڈ اور کھارادر سمیت کمرشل مراکز لوڈ شیڈنگ فری ہیں جب کہ 30 فیصدنیٹ ورک پر بجلی چوری اور بلوں کی ادائیگی کے تناسب سے لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے۔
کے الیکٹرک کی ایپلی کیشن پر 11 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا شیڈول موجود
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق 496 فیڈرز پر روزانہ 10گھنٹے لوڈشیڈنگ ہورہی ہے اور 155فیڈرز پر لوڈشیڈنگ 10گھنٹے سےکم ہے۔
تاہم کے الیکٹرک کے ترجمان کا بیان ان کے اپنے شیڈول سے مطابقت نہیں رکھتا، شہر کے متعدد علاقوں میں کے الیکٹرک کی ایپلی کیشن پر 11 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا شیڈول موجود ہے۔
کے الیکٹرک ذرائع کے مطابق ادارے کے پاس ایسا نظام نہیں جس سےصرف نادہندگان کی بجلی منقطع کی جائے، جن علاقوں میں چوری یا بلوں کی عدم ادائیگی ہے وہاں پورا فیڈر بند کیا جاتا ہے۔