03 جون ، 2025
کراچی میں ایک بارپھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں رات 12بج کر53 منٹ پر پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی شدت 3.4 ریکارڈ کی گئی۔
لانڈھی میں زلزلے کی وجہ سے کئی مکانات کی دیواروں پر دراڑیں پڑ گئیں اور شہری خوف کے مارے گھروں سے باہر نکل آئے۔
اس سے قبل پیر کی رات 11 بجکر 16منٹ پر بھی شہیر میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔
زلزلے کے جھٹکے لانڈھی شیرپاؤ، قائدآباد اور مختلف علاقوں میں محسوس کیے گئے جن کی شدت 2.4 ریکارڈ کی گئی۔زلزلے کا مرکز ملیر میں 10 کلو میٹر کے قریب تھا۔
کراچی میں اتوار سے اب تک 11 بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کے جھٹکےآئندہ 2 روز تک محسوس کیے جاسکتے ہیں
کراچی میں زلزلے کے جھٹکے کیوں محسوس کیے جا رہے ہیں؟
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چیف میٹرو لوجسٹ امیر حیدر کا کہنا تھا کہ یہ زلزلے کے جھٹکے لانڈھی فالٹ ریجن میں آرہے ہیں، یہ زلزلے کے معمولی جھٹکے ہیں، اس فالٹ لائن پر آج تک بڑے زلزلہ کے جھٹکے نہیں آئے ہیں، کراچی کی دوسری فالٹ لائن تھانہ بولا خان کے قریب ہے، یہ دونوں متحرک فالٹ لائن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان دنوں میں معمولی شدت کے زلزلے رپورٹ ہوتے ہیں، کیرتھر کے قریب بھی مین باؤنڈری لائن ہے، یہاں معتدل شدت کی زلزلے رپورٹ ہوتے رہتے ہیں، فالٹ لائن کو معمول پر آنے میں چند روز لگ سکتے ہیں، اس فالٹ لائن پر آئندہ چند روز تک زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جا سکتے ہیں۔