04 جون ، 2025
احمدآباد: 18 سال کے طویل انتظار کے بعد رائل چیلنجرز بنگلور اور ویرات کوہلی نے انڈین پریمیئر لیگ( آئی پی ایل) کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔
رائل چیلنجرز بنگلور نے آئی پی ایل 2025 کے فائنل میں پنجاب کنگز کو 6 رنز سے شکست دے کر 2008 سے شروع ہونے والی آئی پی ایل کا اپنا پہلا ٹائٹل جیتنے کا خواب پورا کر لیا۔
ویرات کوہلی مسلسل 18 سیزن سے رائل چیلنجرز بنگلو کی نمائندگی کر رہے ہیں اوراب پہلی بار انہوں نے آئی پی ایل ٹرافی اٹھائی ہے۔
منگل کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی پی ایل سیزن 18 کے فائنل میں رائل چیلنجرز بنگلور نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے، جو اس سیزن اس میدان پر سب سے کم اسکور تھا۔
بنگلور کی جانب سے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی 43 رنز بناکر نمایاں بیٹر ہے۔
191 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پنجاب سپر کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بناسکی۔
یوں رائل چیلنجرز بنگلور نے 6 رنز سے کامیابی کے بعد بالآخر پہلی بار آئی پی ایل کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
ویرات کوہلی آئی پی ایل جیتنے پر میدان میں جذباتی ہوگئے اور ان کی آنکھیں نم ہوگئیں۔