Time 04 جون ، 2025
دنیا

حج 2025: مسجد نمرہ میں حجاج کیلئے کن سہولیات کا انتظام کیا گیا ہے؟

حج 2025: مسجد نمرہ میں حجاج کیلئے کن سہولیات کا انتظام کیا گیا ہے؟
فوٹو: ایس پی اے

منیٰ: سعودی عرب کی وزارت اسلامی امور، دعوت و ارشاد نے میدان عرفات میں واقع مسجد نمرہ میں حجاج کرام کے استقبال کے لیے انتظامات مکمل کرلیے۔ 

سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق مسجد میں ایک لاکھ 25 ہزار  مربع میٹر کے رقبے پر اعلیٰ معیار کے قالین بچھائے گئے ہیں۔

زائرین کی سہولت کے لیے مسجد کے صحن میں 19 جدید سائبان نصب کیے گئے ہیں جو درجہ حرارت میں اوسطاً 10 ڈگری کی کمی کرتے ہیں، اس کے علاوہ فرش پر بھی سورج کی تپش کو منعکس کرنے والا رنگ لگایا گیا ہے۔

حج 2025: مسجد نمرہ میں حجاج کیلئے کن سہولیات کا انتظام کیا گیا ہے؟
مسجد میں ایک لاکھ 25 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر اعلیٰ معیار کے قالین بچھائے گئے ہیں— فوٹو: ایس پی اے

مسجد کے بیرونی صحن میں 117 فوگ فین نصب کیے گئے ہیں جو درجہ حرارت میں اوسطاً 9 ڈگری کی کمی کا باعث بنتے ہیں۔

مسجد کے اندر تازہ ہوا کے گزر اور ائیر کنڈیشنگ نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے اور اس میں ایک نیا کنٹرول سسٹم شامل ہے جو کاربن ڈائی آکسائیڈ کی سطح پر نظر رکھتا ہے اور ائیر پیوریفائرز کو چلاتا ہے۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق حجاج کرام کو پینے کے ٹھنڈے پانی کی سہولت فراہم کرنے کے لیے 70 جدید کولر نصب کیے گئے ہیں جن میں سے ہر ایک کولر ایک گھنٹے میں 2 ہزار حجاج کو ٹھنڈا پانی فراہم کر سکتا ہے۔

حج 2025: مسجد نمرہ میں حجاج کیلئے کن سہولیات کا انتظام کیا گیا ہے؟
فوٹو: ایس پی اے

مسجد نمرہ کو جدید صوتی نظام اور سکیورٹی کیمروں سے بھی آراستہ کیا گیا ہے تاکہ زائرین کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔

خیال رہے کہ عازمین حج آج منیٰ میں ظہر ، عصر ، مغرب اور عشاء کی نماز ادا کریں گے۔ عازمین 9 ذوالحجہ کو حج کے رکن اعظم، وقوف کے لیے میدان عرفات روانہ ہوں گے۔

عازمین 9 ذوالحجہ کو حج کا خطبہ سننے کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں ادا کریں گے پھر حجاج کرام سورج غروب ہونے تک میدان عرفات میں وقوف کریں گے۔

مزید خبریں :