04 جون ، 2025
حکومتی دباؤ میں آ کر فیک نیوز پھیلانا نہ صرف خود میڈیا کو بلکہ ملک کے امیج اور خارجہ پالیسی کو کس طرح تباہ کرتا ہے، بھارتی میڈیا اس کی بہترین مثال بن گیا۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی میڈیا پر جھوٹ پر مبنی گم راہ کُن خبروں کا راج رہا۔
بھارتی میڈیا نے 9 مئی کو پاکستان میں فوجی بغاوت اور آرمی چیف کی گرفتاری کی جھوٹی خبر انتہائی زور و شور سے چلائی۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق یہ خبر ایک بھارتی صحافی کو سرکاری نشریاتی ادارے سے واٹس ایپ پر ملی تھی، منٹوں میں یہ خبر پورے بھارتی میڈیا کی بریکنگ نیوز بن گئی حالانکہ یہ خبر مکمل طور پر جھوٹ پر مبنی تھی۔
بھارت کی سابق خارجہ سیکرٹری نروپما راؤ کے مطابق بھارتی حکومت کا واضح مؤقف سامنے نہ آنے پر بھارتی ٹی وی چینلز نے غیر معمولی فتح کے جشن کا سہارا لیا۔
ایک سابق بھارتی نیوی ایڈمرل نے کہا کہ فیک نیوز پھیلانے کی وجہ سے بھارت اطلاعات کی جنگ ہار گیا۔ بھارتی ٹی وی چینلز اور بھارتی حکام نے واشنگٹن پوسٹ کی خبر پر تبصرے سے گریز کیا ہے۔