سائنس و ٹیکنالوجی

الیکٹرک طیارے کی پہلی مسافر بردار پرواز کی نیویارک میں کامیاب لینڈنگ

الیکٹرک طیارے کی پہلی مسافر بردار پرواز کی نیویارک میں کامیاب لینڈنگ
فوٹو: بیٹا ٹیکنالوجیز

بیٹا ٹیکنالوجی کے آل الیکٹرک طیارے نے پہلی مسافر بردار پرواز کے بعد نیویارک کے جان ایف کینیڈی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کامیاب لینڈنگ کرکے اہم سنگ میل عبور کرلیا۔ 

آل الیکٹرک CX300 طیارے نے گزشتہ روز امریکا کے لانگ آئی لینڈ کے ایسٹ ہیمپٹن ائیرپورٹ سے پائلٹ اور 4 مسافروں کے ساتھ پہلی اڑان بھری۔ 

لگ بھگ 45 منٹ کی مسلسل اڑان کے بعد طیارہ امریکا کے مصروف ترین جان ایف کینڈی ائیرپورٹ پر کامیابی سے لینڈ کرگیا۔ آل الیکٹرک طیارے کے مسافروں میں امریکی علاقائی کیریئر ریپبلک ائیر ویز کے صدر میٹ کوسکل اور بلیڈ ائیر موبیلٹی کے چیف ایگزیکٹیو روب ویسینتھل بھی شامل تھے۔ 

بیٹا ٹیکنالوجیز کے بانی اور چیف ایگزیکٹیو کائل کلارک نے اس شاندار کامیابی پر کہا کہ ان کے الیکٹرک ہوائی جہاز کو مسافروں کے ساتھ دنیا کے مصروف ترین ائیرپورٹس میں سے ایک پر اڑانا اور لینڈنگ کرانا یہ ثابت کرتا ہے کہ جدید فضائی نقل و حرکت مستقبل کا کوئی تصور نہیں بلکہ اب حقیقت ہے۔

سی ایکس 300 آل الیکٹرک طیارہ 1 گھنٹے میں مکمل چارج ہوجاتا ہے اور ایک چارجنگ کے ساتھ مسلسل 622 کلومیٹر پرواز کر سکتا ہے۔ 

الیکٹرک طیارے کی پہلی مسافر بردار پرواز کی نیویارک میں کامیاب لینڈنگ
فوٹو: بیٹا ٹیکنالوجیز

یہ طیارہ نومبر 2024 میں برلنگٹن کینیڈا میں تیار کیا گیا تھا جس سے 13 نومبر 2024 کو برلنگٹن سے برلنگٹن تک کی 1 گھنٹہ 1 منٹ کی پہلی کامیاب ٹیسٹ پرواز کی گئی تھی۔ 

10 جنوری 2025 کو اس طیارے نے برلنگٹن سے امریکی ریاست نیو یارک کے پلاٹسبرگ ائیرپورٹ تک 1 گھنٹہ 6 منٹ کی دوسری کامیاب پرواز کی تھی۔

جس کے بعد سے یہ طیارہ مانچسٹر، ویسٹ فیلڈ، برلنگٹن، نیویارک، بیل مور، ریڈنگ، فریڈرک، لیس برگ، سن فورڈ، بلیک برگ، فلورنس، اٹلانٹا، کولمبیا، ایلیگزینڈریا، فورٹ ورتھ، منرل، والز لوبوک، سیٹر سٹی لاس ویگاس، روم اور دیگر شہروں کے درمیان لگ بھگ 184 ٹیسٹ پروازیں کر چکا ہے۔

 تاہم 4 مسافروں کے ساتھ باقاعدہ پہلی کامیاب پرواز گزشتہ روز نیویارک میں اتری۔

مزید خبریں :