05 جون ، 2025
جاپان کی نجی کمپنی کا اسپیس کرافٹ 6 جون کو چاند پر اترنے کی کوشش کرے گا۔
آئی اسپیس نامی کمپنی کا ریزیلینس لینڈر پاکستانی وقت کے مطابق 6 جون کو رات 12 بج کر 17 منٹ پر چاند کے تاریک حصے کے قریب لینڈنگ کرنے کی کوشش کرے گا۔
اس سے قبل اسی کمپنی کا اپریل 2023 میں چاند پر بھیجا گیا مشن لینڈنگ میں ناکام رہا تھا۔
نئے مشن کی لینڈنگ سے قبل آئی اسپیس کی جانب سے چاند سے زمین کے طلوع ہونے کے نظارے کی دنگ کر دینے والی تصویر جاری کی گئی ہے۔
یہ تصویر اسپیس کرافٹ نے 27 مئی کو لی تھی جسے 5 جون کو جاری کیا گیا، جس میں چاند کے افق پر ہمارا سیارہ طلوع ہو رہا تھا۔
تصویر میں زمین کے نیلے رنگ کے ساتھ سفید بادلوں کا نظارہ کیا جاسکتا ہے۔
کمپنی نے ایکس (ٹوئٹر) پر اس تصویر کو جاری کیا اور بتایا کہ اگر بادل نہ ہوتے تو یہ لینڈر شاید جاپان کو دیکھ پاتا، جہاں اس نے خلا میں جانے سے قبل کافی وقت گزارا تھا۔
یہ مشن چاند کے مدار میں 7 مئی کو داخل ہوا تھا اور ابھی چاند کی سطح سے 100 کلومیٹر اوپر پرواز کر رہا ہے۔
اس مشن کو 15 جنوری کو اسپیس ایکس نے خلا میں لانچ کیا تھا اور اس نے چاند تک پہنچنے میں کئی ماہ لگائے۔
اگر یہ چاند کی سطح پر اترنے میں کامیاب رہا تو یہ وہاں 14 دن تک مختلف سائنسی تجربات کرے گا۔