Time 05 جون ، 2025
جرائم

کراچی کی عدالت نے ڈیفنس میں نوجوان پر تشدد کرنیوالے ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کردی

کراچی کی عدالت نے ڈیفنس میں نوجوان پر تشدد کرنیوالے ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کردی
اسکرین گریب

کراچی کی سیشن عدالت نے ڈیفنس میں نوجوان پر تشدد کرنے والے ملزم سلمان فاروقی سمیت دو ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔

اپنی آبزرویشن میں عدالت نے کہا کہ ملزم سلمان فاروقی کے بااثر ہونے کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، ایسی وجوہات موجود ہیں کہ ملزمان تفتیش پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔

تحریری حکم نامے کے مطابق ملزمان کے وکیل کا مؤقف تھا کہ مقدمے کے اندراج میں دو روز کی تاخیر کی گئی ہے، اسلحے کے زور پر دھمکانے کی ناقابل ضمانت دفعہ غیر ضروری ہے۔ متاثرہ شہری کے وکیل نے ملزمان کی ضمانت کے لیے این او سی پیش کیا۔ 

وکیل نے کہا کہ متاثرہ شہری نے عدالت میں پیش ہوکر این او سی کی تصدیق کی ہے جس پر سرکاری وکیل نے کہا کہ متاثرہ شہری نے دباؤ کے زیر اثر این او سی پیش کیا ہے، واقعے کو بہت سے لوگوں نے دیکھا ہے، خدشہ ہے کہ ملزم ضمانت حاصل کرکے گواہان پراثرانداز یا شواہد میں ٹیمپرنگ کرسکتا ہے۔ 

عدالت نے اپنی آبزرویشن میں کہا کہ عدالت کو صرف جرم پر تشویش نہیں بلکہ اس کے پیچھے ذہنیت پر بھی ہے، ویڈیو شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ منظم جارحانہ اقدام تھا۔ 

عدالت نے کہا کہ ملزم سلمان فاروقی کے بااثر ہونےکو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، ایسی وجوہات موجود ہیں کہ ملزمان اپنے اثر کو استعمال کرکے تفتیش پر اثر انداز ہوسکتے ہیں، انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ کے خدشے کے پیش نظر ملزم کی ضمانت مسترد کی جاتی ہے۔


مزید خبریں :