06 جون ، 2025
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ بندی میں مرکزی کردار ادا کرنے کی بات دہرا دی۔
جرمن چانسلر فریڈرک مرٹز سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران گفتگو میں صدر ٹرمپ نے کہا فخر ہے کہ 2 ایٹمی ریاستوں کےدرمیان جنگ بندی کرائی، دونوں ملکوں سے کہا کہ آپ گولیاں چلائیں گےتوتجارت نہیں ہوگی۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان میں بہت مضبوط لیڈرشپ ہے۔
واضح رہے کہ صدر ٹرمپ پاکستان اور بھارت کےدرمیان جنگ بندی کی بات ایک درجن بار دہراچکے ہیں۔
ہر بار یہ بات سن کر مودی سرکارسیخ پا ہوجاتی ہے اور ساتھ ہی بھارتی حزب اختلاف کانگریس کو مودی جی کا مذاق اڑانےکا پھر موقع ملا گیا ہے۔
پاک بھارت جنگ بندی دوطرفہ تھی، اس میں ٹرمپ کا کوئی کردار نہیں، بھارت
گزشتہ ماہ بھارتی سیکرٹری خارجہ وکرم مسری نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں امریکی کوششوں کا سرے سے انکار کیا تھا۔
بھارت کے سیکرٹری خارجہ وکرم مسری نے پارلیمانی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاک بھارت فائربندی قطعی طور پر دوطرفہ تھی، امریکی صدر ٹرمپ کا جنگ بندی میں کوئی کردار نہیں تھا۔
بھارتی سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ ٹرمپ نے ہم سے بیچ میں آنے کی اجازت نہیں لی، ٹرمپ خود ہی اسٹیج پر آنا چاہتے تھے اور وہ آگئے۔
واضح رہے کہ 10 مئی کو ڈونلڈ ٹرمپ نے ہی اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اعلان کیا تھا کہ پاکستان اور بھارت جنگ بندی پر متفق ہوگئے ہیں۔