Geo News
Geo News

Time 06 جون ، 2025
دلچسپ و عجیب

میک اپ پراڈکٹس چکھنے کے حوالے سے مشہور بیوٹی انفلوئنسر اچانک انتقال کرگئیں

میک اپ پراڈکٹس چکھنے کے حوالے سے مشہور بیوٹی انفلوئنسر اچانک انتقال کرگئیں
اسکرین گریب

 میک اب  پراڈکٹس کو چکھنے کے حوالے سے مشہور تائیوان کی بیوٹی انفلوئنسر گواوا شوئی شوئی اچانک انتقال کر گئیں۔ 

غیر ملکی میڈیا کے مطابق’گواوا بیوٹی‘ کے نام سے بنے ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بتایا گیا کہ گواوا  24 مئی کو اچانک ہونے والی بیماری کے باعث انتقال کرگئیں۔

گواوا شوئی شوئی انسٹاگرام پر 12 ہزار سے زائد فالوورز رکھتی تھیں، انہوں نے اپنی منفرد ویڈیوز کی وجہ سے شہرت حاصل کی تھی جن میں وہ بیوٹی پراڈکٹس کو نہ صرف آزماتیں بلکہ چکھ کر ان کا ذائقہ بھی بتاتیں۔

ان کی کئی ویڈیوز میں انہیں میک اپ پراڈکٹس جیسے بلش، لپ اسٹک یا کریم چکھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور اکثر وہ ان پراڈکٹس کے ذائقے پر ناگواری کا اظہار کرتیں۔

ان ویڈیوز پر متعدد صارفین نے سوال اٹھائے کہ اگر کسی صارف نے ان کے انداز کو سنجیدگی سے لیا تو اس کی صحت کی ذمہ داری کون لے گا۔ کئی افراد نے تبصرہ کیا کہ بیوٹی پراڈکٹس کھانے کے لیے نہیں ہوتیں جس کے باعث گواوا کا یہ عمل انتہائی خطرناک ہے۔

ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر ان کی موت کے اسباب سے متعلق قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں جن میں میک اپ میں موجود زہریلی اشیا کے استعمال یا دل کا دورہ شامل ہیں تاہم انسٹاگرام پر ایک صارف، جو خود کو گواوا شوئی شوئی کا قریبی دوست بتاتا ہے، نے ان افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی موت کا بیوٹی پراڈکٹس چکھنے سے کوئی تعلق نہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق گواوا شوئی شوئی خود بھی اپنی ویڈیوز کے کیپشن میں یہ وضاحت کرتی تھیں کہ میک اپ پراڈکسٹ کھانے کے لیے نہیں ہوتیں۔

مزید خبریں :