07 جون ، 2025
جگ ہنسائی کے باوجود بھارتی میڈیا نے فیک نیوز کا دھندا بند نہ کیا اور پھر بے بنیاد دعوے کرنے لگا۔
بھارتی میڈیا نے بے بنیاد دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے پہلگام واقعے کے دو ماہ بعد نئی دلی کو چار خط لکھ کر مطالبہ کیا کہ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے۔
تاہم وزارت پانی کے ذرائع نے جیونیوز کو تصدیق کی ہے کہ یہ یکسر فیک نیوز ہے جس کا مقصد جنگ میں ہوئی بھارت کو عبرتناک شکست سے بھارتی عوام کی توجہ ہٹانا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستان نے صرف دو خطوط لکھے ہیں اور وہ بھی محض بھارت کے خطوط کا جواب ہیں اور دنیا جانتی ہے کہ سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طورپر معطل کیا ہی نہیں جاسکتا اور بھارت کو ہرصورت اس پر عمل کرنا ہوگا۔
خیال رہےکہ گزشتہ دنوں بھارتی فوج میدان جنگ میں پاک فوج کا سامنا نہ کرسکی تو مودی سرکار کو اپنی ہی عوام کو بے وقوف بنانے کے لیے فیک نیوز اور پروپیگنڈے کا سہارا لینا پڑا اور پاکستانی شہروں پر حملے کی فیک نیوز پھیلاتے رہے اور یہی حرکت بھارت کیلئے دنیا میں جگ ہنسائی کا باعث بن گئی۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے بھارتی میڈیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی میڈیا پر جھوٹ پر مبنی گم راہ کُن خبروں کا راج رہا، بھارتی میڈیا نے 9 مئی کو پاکستان میں فوجی بغاوت اور آرمی چیف کی گرفتاری کی جھوٹی خبر انتہائی زور و شور سے چلائی۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق یہ خبر ایک بھارتی صحافی کو سرکاری نشریاتی ادارے سے واٹس ایپ پر ملی تھی، منٹوں میں یہ خبر پورے بھارتی میڈیا کی بریکنگ نیوز بن گئی حالانکہ یہ خبر مکمل طور پر جھوٹ پر مبنی تھی۔