08 جون ، 2025
بالی وڈ اسٹار عامر خان کی آنے والی فلم 'ستارے زمین پر' جہاں اپنی کہانی کے باعث شائقین کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، وہیں اب اس فلم میں ایک سرپرائز بھی سامنے آیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عامر خان کی 91 سالہ والدہ، زینت خان، فلم ستارے زمین پر سے فلمی دنیا میں قدم رکھ رہی ہیں۔
عامر خان نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان کی والدہ فلم میں شادی کے گانے میں نظر آئیں گی، یہ پہلا موقع ہوگا جب وہ اسکرین پر جلوہ گر ہوں گی۔
عامر خان نے بتایا کہ عام طور پر امّی کبھی نہیں کہتیں کہ وہ شوٹنگ پر آنا چاہتی ہیں۔ لیکن ایک دن اچانک صبح انہوں نے فون کیا اور پوچھا ’ آپ کہاں شوٹنگ کر رہے ہیں؟ ہمیں بھی آنا ہے شوٹنگ پر‘۔
عامر نے بتایا کہ انہوں نے فوراً گاڑی بھیجی اور ان کی بہن والدہ کو سیٹ پر لے آئیں۔ والدہ وہیل چیئر پر تھیں اور سیٹ پر شادی کے گانے کی شوٹنگ ہو رہی تھی، جہاں سب خوشی سے جھوم رہے تھے۔ فلم کے ہدایت کار آر ایس پرسانا نے اس موقعے کو یادگار بنانے کا فیصلہ کیا۔
عامر خان کے مطابق فلم کے ہدایت کار میرے پاس آئے اور کہا کہ 'سر، اگر آپ برا نہ منائیں تو کیا آپ اپنی امّی سے کہہ سکتے ہیں کہ وہ گانے میں بطور مہمان شامل ہو جائیں؟ یہ فلم کا آخری گانا ہے، شادی کا سین ہے میں انہیں فلم کا حصہ بنانا چاہتا ہوں‘۔
عامر خان نے پہلے تو ہچکچاتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی والدہ سے ایسا کہنے کی ہمت نہیں رکھتے کیونکہ وہ ضدی ہیں۔
عامر نے بتایا کہ میں نے کہا، ’تو پاگل ہو گیا ہے؟ میری ہمت نہیں کہ امّی سے کہوں فلم میں کام کریں۔‘ لیکن جب آخرکار ان سے پوچھا تو امّی نے کہا، ’ہاں ٹھیک ہے‘، اور پھر میں حیران رہ گیا۔
اس طرح عامر خان کی والدہ فلم ستارے زمین پر کے گانے میں مہمان کے طور پر شامل ہو گئیں۔
عامر خان کے مطابق یہ ان کی واحد فلم ہے جس میں ان کی والدہ نےحصہ لیا ہے۔
عامر کی بہن نکہت خان بھی فلم ستارے زمین پر میں کردار ادا کر رہی ہیں۔
عامر خان نے کہا کہ یہ پہلی بار ہے کہ ہم دونوں ایک ساتھ کام کر رہے ہیں۔ چونکہ وہ ایکٹر ہیں، ہم مستقبل میں مزید پروجیکٹس میں بھی ساتھ کام کر سکتے ہیں لیکن امّی کی موجودگی نے اس فلم کو میرے لیے خاص بنا دیا۔
واضح رہے کہ فلم ستارے زمین پر جون کے وسط میں ریلیز ہو رہی ہے اور اب شائقین اس میں صرف کہانی ہی نہیں بلکہ عامر خان کی فیملی کی جھلک دیکھنے کے لیے بھی بے تاب ہیں۔