عامر خان کی ایک بار پھر فلم نگری میں واپسی، فلم ’ستارے زمین پر' بنانے کا اعلان

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

بالی وڈ کے سپر اسٹار عامر خان باکس آفس پر دوبارہ دھماکے دار انٹری مارنے کو تیار ہیں، اداکار نے اپنی نئی فلم کا اعلان کر دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم 'لال سنگھ چڈھا' کی ناکامی کے بعد فلم نگری سے کچھ عرصہ وقفہ لینے کے بعد عامر خان نے اب اپنے اگلے پروجیکٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ 

گزشتہ سال عامر خان نے بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں اداکاری سے تھوڑی دیر کے لیے بریک لینا چاہتا ہوں۔جب میں ایک اداکار کے طور پر کوئی فلم کرتا ہوں تو میں اس میں اتنا کھو جاتا ہوں کہ میری زندگی میں اور کچھ نہیں ہوتا۔ 

تاہم اب بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں عامر خان نے کہا کہ میں نے اپنی نئی فلم کے  بارے عوامی طور پر بات نہیں کی، میں اب بھی آپ کو زیادہ کچھ نہیں بتاسکوں گا البتہ میں فلم کا ٹائٹل بتا سکتا ہوں۔ 

عامر خان نے بتایا کہ ان کی آنےو الی فلم کا نام 'ستارے زمین پر 'ہے، یہ فلم 2007 میں ریلیز ہونے والی فلم 'تارے زمین پر ' کی تھیم سے ملتی جلتی ہوگی۔

واضح رہے کہ 2007 میں عامر خان کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم 'تارے زمین پر' میں درشیل سفاری نے بچے ایشان اوستھی کا کردار ادا کیا تھا جو کہ ڈسلیکسیا جیسی بیماری کا شکار تھا۔

اس فلم میں عامر خان نے آرٹ ٹیچر رام شنکر کا کردار ادا کیا۔ یہ فلم ایشان کی زندگی کے گرد گھومتی تھی جس کی خراب تعلیمی کارکردگی کی وجہ سے اس کے والدین اسے بورڈنگ اسکول بھیج دیتے ہیں ، جہاں پھر رام شنکر اسے پڑھنے لکھنے میں مدد اور اس کے اندر چھپے ٹیلنٹ کو باہر نکالتے ہیں۔

نئی فلم کے بارے میں بات کرتے ہوئے عامر خان کا کہنا تھا کہ تارے زمین پر ایک جذباتی فلم تھی لیکن یہ نئی فلم آپ کو ہنسائے گی، یہ فلم آپ کو تفریح ​​فراہم کرے گی۔

عامر خان نے نئی آنے والی فلم کے بارے میں بتایا کہ تارے زمین پر، میں نے ایک بچے کی زندگی بدلنے  میں مدد کی تھی تاہم ستارے زمین پر میں اس سے الٹ ہوگا، 9 لڑکے جن کے اپنے مسائل ہیں وہ میری مدد کریں گے۔

اس کےعلاوہ عامر خان نے فلم کی کاسٹ اور شوٹنگ کے حوالے سے مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان اس فلم کو پروڈیوس بھی کریں گے۔ 

مزید خبریں :