Time 10 جون ، 2025
پاکستان

بجٹ 26- 2025: 70 سال سےکم عمرکے زیادہ پنشن لینے والے افراد پر ٹیکس کی تجویز

بجٹ 26- 2025: 70 سال سےکم عمرکے زیادہ پنشن لینے والے افراد پر ٹیکس کی تجویز
فوٹو: فائل

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے 175 کھرب سے زائد (17 ہزار 573 ارب) کا بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کردیا۔

وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی میں بجٹ تقریرکرتے ہوئے بتایا کہ 70 سال سےکم عمرکے زیادہ پنشن لینے والے افراد پر ٹیکس کی تجویز ہے۔

وزیرخزانہ نے بتایا کہ سالانہ ایک کروڑ روپے سے زائد پنشن وصولی پر 5 فیصد ٹیکس عائد کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سالانہ ایک کروڑ سے زیادہ پنشن پر ایک کروڑ سے اوپر رقم پر 5 فیصد ٹیکس وصولی کی تجویز ہے۔

وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ کم اور درمیانی پنشن وصول کرنے والوں پر ٹیکس عائد نہیں ہوگا۔ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 7 فیصد اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے بجٹ تقریر میں بتایا کہ پچھلی کچھ دہائیوں میں پنشن اسکیم میں ایگزیکٹو آڈرز کے ذریعے تبدیلیاں کی گئیں جس کی وجہ سے سرکاری خزانے پر بوجھ بڑھا، پنشن اسکیم کو درست کرنے اور سرکاری خزانے پر بوجھ کو کم کرنے کے لیے حکومت نے پنشن اسکیم میں اصلاحات کی ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پنشن اسکیم میں جو اصلاحات کی گئی ہیں ان میں قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی حوصلہ شکنی اور پنشن میں اضافہ کنزیومر پرائس انڈیکس سے منسلک کیا گیا ہے۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ شریک حیات کے انتقال کے بعد فیملی پنشن کی مدت 10 سال تک محدود کی گئی ہے جب کہ ایک سے زائد پنشنز کا خاتمہ کیا گیا ہے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ ملازمت کی صورت میں پنشن یا تنخواہ میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔


مزید خبریں :