11 جون ، 2025
لندن کے برٹش پاکستانی میئر سر صادق خان کو نائٹ ہُڈ کے اعزاز سے نواز دیا گیا۔
برطانیہ کے بادشاہ چارلس نے صادق خان کو نائٹ ہُڈ کے اعزاز سے نوازا۔
برٹش پاکستانی سر صادق خان سن 2016 سے لندن کے میئر ہیں۔ وہ تاریخ میں پہلے شخص ہیں جو مسلسل تیسری بارلندن کے میئر منتخب ہوئے۔
صادق خان نے بتایا کہ بادشاہ چارلس بکھنگم پیلس میں نائٹ ہُڈ کااعزاز دیتے ہوئے مسرور تھے، نائٹ ہُڈ کا اعزاز لینے پر بے حد فخر ہے۔
سرصادق خان نے کہا کہ وہ ٹوٹنگ کےکونسل گھر میں جوان ہوئے اور یہ کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ اس قدر بڑے اعزاز سے انہیں ایک روز نوازا جائے گا۔
صادق خان کا کہنا تھا کہ لندن کا وعدہ ہے، جاں فشانی سے کام کرو گے تو تمہیں مدد ضرور ملے گی اور جو چاہوگے حاصل کرلو گے۔
صادق خان 8 اکتوبر 1970 کو لندن میں پیدا ہوئے۔وہ لندن کے پہلے مسلم میئر ہیں اور انہیں دائیں بازو کی شدید مخالفت کا سامنا رہا ہے۔
صادق خان کی پیدائش سے کچھ ہی عرصہ پہلے ان کے والد پاکستان سے برطانیہ منتقل ہوئے تھے۔ان کے والد بس ڈرائیور تھے۔
صادق خان نے یونیورسٹی آف نارتھ لندن سے قانون کی تعلیم حاصل کی۔ وہ 1994 میں سالیسٹر بنے اور انسانی حقوق سے متعلق امور میں خاص مہارت رکھتے ہیں۔ حکومت اور پولیس کے خلاف ان کے مقدمات وجہ شہرت بنے۔
صادق خان نے سیاست کا آغاز 1990 کی دہائی میں ٹوٹنگ سے لیبر کونسلر کی حیثیت سے کیا تھا۔ سن 2005 کے عام انتخابات میں وہ دارالعوام کی نشست جیتنے میں بھی کامیاب رہے تھے۔
سن 2008 میں صادق خان کمیونیٹیز سے متعلق امور کے انڈر سیکرٹری مقرر کیے گئے اور پھر وزیر مملکت برائے امور ٹرانسپورٹ بنائے گئے تھے۔
سن 2016 میں انہوں نے میئر کا انتخاب لڑنے کی ٹھانی۔ ان کا مقابلہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کے بھائی زیک گولڈ اسمتھ سے ہوا جنہیں صادق خان نے با آسانی شکست دے کر پہلا مسلمان میئر لندن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا تھا اوراب وہ اس اعزاز کی ہیٹ ٹرک کرچکے ہیں۔