11 جون ، 2025
غزہ پر جاری اسرائیلی محاصرہ ختم کرانے اور دنیا کی توجہ اسرائیلی مظالم کی طرف دلانے کے لیے دنیا بھر سے ہزاروں افراد نے مصر کے رفح بارڈر کی طرف مارچ کا فیصلہ کیا ہے۔
غزہ پر جاری اسرائیلی مظالم کو روکنے کے لیے دنیا بھر کے 50 ممالک سے انسانی حقوق کے کارکنوں سمیت دیگر ہزاروں افراد نے مصر اور غزہ کے درمیان واقع رفح بارڈر کی طرف مارچ کا فیصلہ کیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق 'غزہ گلوبل مارچ' کے عنوان سے شروع کی گئی اس تحریک کا پہلا قافلا جو تقریباً 1000 افراد پر مشتمل ہے تیونس سے روانہ ہونے کے بعد گزشتہ روز لیبیا پہنچا تھا۔
تیونس سے نکلنے والے قافلے کے منتظمین کابتانا ہے کہ یہ قافلہ شمالی افریقہ کی 5 ریاستوں تیونس، الجزائر، مراکش، موریطانیہ اور لیبیا سے تعلق رکھنے والے افراد پر مشتمل ہے۔
رپورٹ کے مطابق 12 جون کو یہ قافلہ جب مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچے گا تو وہاں دنیا بھر کے 50 ممالک سے ہزاروں لوگ جمع ہونگے جس کے بعد مصر اور غزہ کے درمیان واقع رفح بارڈر کی طرف مارچ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ غزہ میں اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 54 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جب کہ ایک لاکھ 26 ہزار زخمی ہیں۔
دوسری جانب اسرائیل نے غزہ ڈیل توڑنے کے بعد سے ہی (جسے کئی ماہ گزر گئے) غزہ کا محاصرہ کررکھا ہے جس کے باعث لوگوں کے پاس کھانے پینے کی اشیاء کا ذخیرہ بھی ختم ہوچکا ہے۔