Time 11 جون ، 2025
پاکستان

پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس: وزیر خزانہ نے وزرا اور پارلیمنٹیرینز کی بھاری بھرکم تنخواہوں پر کیا کہا؟

پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس: وزیر خزانہ نے وزرا اور پارلیمنٹیرینز کی بھاری بھرکم تنخواہوں پر کیا کہا؟
سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافےکی بات کرتےہیں تووزرا کی بھی بڑھنی چاہیے: محمد اورنگزیب/ فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب  وزرا اور  پارلیمنٹیرینز کی بھاری بھرکم تنخواہوں کے دفاع میں سامنے آگئے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آج پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کی جس دوران صحافیوں کی جانب سے وزرا اور پارلیمنٹیرینز کی تنخواہوں میں بے پناہ اضافے پر سوالات کیے گئے۔

وزیرخزانہ نے چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر کی تنخواہ ڈھائی لاکھ سے بڑھا کر ساڑھے اکیس لاکھ کرنے کی وجہ 9 سال سے اضافہ نہ ہونا قرار دیدیا۔

 صحافیوں کے سوالات پر وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ ضرور دیکھ لیں کہ وزرا اور پارلیمنٹیرینز کی سیلری کو کب ایڈجسٹ کیا گیا تھا، آخری بار 2016 میں کابینہ کے وزرا کی تنخواہ بڑھائی گئی تھی، اگر ہر سال تنخواہ بڑھتی رہتی تو ایک دم بڑھنے والی بات نہ ہوتی۔ 

انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافےکی بات کرتےہیں تووزرا کی بھی بڑھنی چاہیے۔ 

سرکاری ملازمین کی تنخواہیں کم بڑھائے جانے سے متعلق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ تنخواہ یا پینشن کی بات ہوتو کوئی بینچ مارک ہونا چاہیے، ساری دنیا میں مہنگائی کے ساتھ اضافے کے بینچ مارک کو رکھا جاتا ہے، مہنگائی کی شرح ابھی بھی 7.5 فیصد ہے، ہماری ذمہ داری ہے کہ وفاقی اخراجات کو کم کریں۔

واضح رہے گزشتہ دنوں اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا جس کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی و چیئرمین سینیٹ کی ماہانہ تنخواہ 13 لاکھ مقرر کر دی گئی ہے ۔

اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی تنخواہ 2 لاکھ 5 ہزار روپے تھی۔


مزید خبریں :