Time 11 جون ، 2025
کاروبار

امریکاچین تجارتی معاہدہ، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 2ماہ کی بلندترین سطح پر پہنچ گئی

امریکاچین تجارتی معاہدہ، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 2ماہ کی بلندترین سطح پر پہنچ گئی
فوٹو: فائل

لندن: امریکا چین تجارتی معاہدےکی خبروں کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 2 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

 برطانوی خام تیل برینٹ آئل 2 ماہ بعد 68 ڈالرز فی بیرل کی سطح عبور کرگیا ہے جب کہ  امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی66 ڈالر 56 سینٹس فی بیرل میں فروخت ہو رہا ہے۔

خیال رہےکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ چین اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدہ طے پاگیا ہے۔

 اس بیان نے دنیا کی دو سب سے بڑی معیشتوں میں توانائی کی طلب کے امکانات کے حوالے سے امیدوں کو تقویت دی ہے۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں معاہدے کی کچھ ابتدائی تفصیلات بھی بیان کیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ چین کے ساتھ ہمارا معاہدہ طے پاگیا ہے جس کی حتمی منظوری ان کی اور چینی صدر کی جانب سے دی جائےگی۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کو جتنی بھی معدنیات درکار ہوں گی وہ چین کی طرف سے فوری طور پر فراہم کی جائیں گی، اسی طرح امریکا چین کو وہ سب فراہم کرے گا جس پر اتفاق ہوا ہے اور اس میں امریکی کالجوں اور یونیورسٹیوں میں چینی طلبہ کی تعلیم بھی شامل ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ معاہدے کے تحت امریکا کو کُل 55 فیصد ٹیرف مل رہا ہے جبکہ چین کو 10 فیصد ٹیرف حاصل ہوگا۔

امریکی صدر نے ایک اور پوسٹ میں لکھا کہ چینی صدر شی اور وہ مل کر چین کے لیے امریکی برآمدات بڑھانے پر کام کریں گے اور یہ دونوں ممالک کے لیے ایک بڑی کامیابی ہوگی۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اس معاہدے کی مزید تفصیلات واضح نہیں ہوسکیں جبکہ چین کی وزارتِ تجارت نے بھی فوری طور پر اس پر کوئی تبصرہ یا مزید معلومات فراہم نہیں کیں۔

خیال رہےکہ چین اور امریکا کے درمیان گزشتہ ماہ جنیوا میں بھی ایک تجارتی معاہدہ ہوا تھا تاہم ٹرمپ کی جانب سے چین پر معاہدے کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔

مزید خبریں :