13 جون ، 2025
محکمہ جیل خانہ جات سندھ میں نفری کی کمی کا انکشاف ہوا ہے، محکمے کو ڈیڑھ ہزار سے زائد اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے مگر اس کے باوجود درجنوں اہلکار وی آئی پیز ڈیوٹی یعنی مختلف وزرا اور سیاسی شخصیات کے پاس تعینات ہیں۔
محکمہ جیل خانہ جات کے اہلکار بھی وی وی آئی پیز کے پاس تعینات ہیں، جیو نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ مختلف سیاسی شخصیات اور وزرا کے ساتھ 37 اہلکار جب کہ ہوم ڈiپارٹمنٹ میں 10 اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں، آئی جی جیل خانہ جات کے آفس میں 67 اہلکار تعینات ہیں، 18 ایسے اہلکاروں کا بھی انکشاف ہوا جو دوسرے شہروں میں ڈیوٹی کررہے ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ جیل ڈیپارٹمنٹ میں 6 ہزار 548 پوسٹس ہیں جن میں سے 1655 اسامیاں خالی ہیں۔
ذرائع نے جیوز نیوز کو بتایا کہ کراچی کی ملیر جیل میں 3 جون کو 6 ہزار قیدیوں کے لیے صرف 28 اہلکار تعینات تھے، ملیر جیل کی 313 اسامیوں کے لیے صرف 251 اہلکار موجود ہیں، نفری کی کمی کے باعث قیدیوں کے فرار کے واقعات بڑھ سکتے ہیں۔
اس سلسلے میں ڈی آئی جی جیل خانہ جات کراچی ملک اسلم نے بتایا کہ جو بھی اہلکار اپنی ڈیوٹی کے مقام کے علاوہ کہیں اور ہوگا اسے واپس بلایا جائےگا، اس سلسلے میں لیٹرز لکھنا شروع کردیے ہیں اور تمام سپاہیوں کو ان کی ڈیوٹی پر واپس بلانے کے لیے اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے، انہوں نے بتایا کہ جلد تمام اہلکار محکمے میں واپس اپنی اصل تعیناتیوں پر فرائض سر انجام دیں گے۔