15 جون ، 2025
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہےکہ اگر امریکا پر حملہ کیا تو اس کی افواج پوری طاقت کے ساتھ جواب دیں گی۔
اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اسرائیل کے ایران پر حملےکا حوالہ دیتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس حملے میں امریکا کا کوئی کردار نہیں ہے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر ہم پر ایران کی طرف سے کسی بھی طرح کا حملہ کیا گیا تو امریکی مسلح افواج پوری طاقت سے اس سطح کا حملہ کرےگی جو پہلےکبھی نہیں دیکھا گیا۔
امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ہم ایران اور اسرائیل کے درمیان آسانی سے ڈیل کراسکتے ہیں اور اس تنازع کو ختم کرسکتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران خطے میں امریکی مفادات کو نقصانات پہنچانے کی اہلیت رکھتا ہے۔
سابق سفیر علی سرور نقوی کا کہنا ہے کہ ایران بحرین اور قطر میں امریکی اڈوں پر حملہ کر سکتا ہے۔ ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنی برتری کے باوجود اسرائیل اپنی جغرافیائی پوزیشن کی وجہ سے ایران کی جانب سے حملوں کی زد میں ہے۔
خیال رہے کہ ایران نے آج صبح سویرے اسرائیل پر ایک اور بڑا حملہ کیا۔ تل ابیب اور شمالی شہر حیفہ پر بیلسٹک، ہائپر سونک میزائلوں اور ڈرونز سے اہم تنصیبات پر حملے کیے گئے جن میں متعدد عمارتیں کھنڈر بن گئیں۔ہفتے کی رات کے بعد ایران کا یہ تازہ حملہ ہے، حملوں میں کم ازکم 8 اسرائیلی ہلاک اور 200 سے زیادہ زخمی ہیں۔
پاسداران انقلاب نے خبر دار کیا ہےکہ اگر اسرائیل باز نہ آیا تو آئندہ اس سے بھی بڑے اور مہلک حملےکیے جائیں گے۔