Geo News
Geo News

کھیل

آئی سی سی کو ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے پرومو میں جے شاہ کی تشہیر پر تنقید کا سامنا

آئی سی سی کو ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے پرومو میں جے شاہ کی تشہیر پر تنقید کا سامنا
 45 سیکنڈز کی ویڈیو میں مجموعی طور پر 23 مختلف شاٹس ہیں جس میں جے شاہ ایک نہیں، دو نہیں، تین نہیں بلکہ پورے 11 مرتبہ دکھایا گیا ہے— فوٹو:فائل

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سوشل میڈیا پر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کا پرومو جاری کردیا۔

لارڈز کے تاریخی میدان میں آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل ہوا اور جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کو ہراکر طویل عرصے بعد آئی سی سی ٹائٹل جیتا۔

آئی سی سی نے سوشل میڈیا پر فائنل کے حوالے سے ایک پرومو جاری کیا جسے دیکھ کر فینز یہ کہنے پر مجبور ہوگئے کہ یہ پرومو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کا تھا یا جے شاہ کی وہاں پر موجودگی کا؟

پرومو کے آغاز میں لارڈز کا ایک شاٹ اور پھر بالی ووڈ کے مافیا کنگ کی طرح انٹری دیتے جے شاہ کا شاٹ تھا۔ اس 45 سیکنڈز کی ویڈیو میں مجموعی طور پر 23 مختلف شاٹس ہیں جس میں جے شاہ ایک نہیں، دو نہیں، تین نہیں بلکہ پورے 11 مرتبہ دکھایا گیا ہے۔

اتنی ہی مرتبہ مجموعی طور پر جنوبی افریقی ٹیم اور اس کے کھلاڑی ویڈیو میں جگہ پا سکے۔

فاتح کپتان ٹیمبا باووما کی جھلک پانچ مرتبہ، سنچری میکر مارکرم کو صرف دو بار اور پیٹ کمنز کو تو صرف ایک بار ہی ویڈیو میں جگہ مل سکی۔

سوشل میڈیا پر صحافیوں اور فینز نے آئی سی سی اور جے شاہ کو اس معاملے پر آڑے ہاتھوں لیا اور سری لنکن صحافی اینڈریو فیڈل فرنانڈو نے سوال کیا کہ جے شاہ نے ورلڈ ٹیسٹ فائنل میں کتنے رنز بنائے، کتنی وکٹیں لیں۔

بھارتی صحافی کلدیپ لال نے ویڈیو کو ناقابل یقین قراردیتے ہوئے آئی سی سی سوشل میڈیا ٹیم پر تنقید کی۔ برطانوی صحافی عاطف نواز نے کہا کہ شاید ویڈیو جے شاہ نے اپنے فون پر بناکر خود ایڈیٹ کی ہے۔

آسٹریلوی صحافی کا تبصرہ تھا کہ ویڈیو دیکھتے ہوئے آپ کی آنکھ اگر ایک لمحے کیلئے جھپکی تو آپ پیٹ کمنز کا ایک ہی شاٹ مس کر دیں گے۔ سوشل میڈیا کے ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ شاید لوگ جے شاہ کو دیکھنے آئے تھے، اچانک کرکٹ میچ شروع کردیا گیا۔