17 جون ، 2025
پاکستانی اداکارہ و ماڈل سنیتا مارشل نے اداکار شوہر حسن احمد کے اسلام قبول کرنے کے سوال پر لب کشائی کی۔
سنیتا مارشل نے ایک انٹرویو میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی فیملی اور اپنے کام سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔
اداکارہ نے کہا کہ شادی سے پہلے ہم 5 سال سے ایک دوسرے کو جانتے تھے، میرا حسن کی فیملی سے بہت اچھا تعلق تھا، ان کے گھر آنا جانا بھی تھا، مجھے بہت محبت اور عزت دی جاتی تھی تو میں نے سوچا کہ مجھے اسلام قبول کرنے کیلئے بھی زور نہیں دیا جاتا اور میری عزت بھی کی جاتی ہے تو میں شادی کرسکتی ہوں، میری فیملی لندن میں رہتی ہے اور میں نے حسن اور رشتے کے بارے میں اپنے چچا کو بتایا تھا، پھر انہوں نے میری شادی کروائی۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے سنیتا مارشل نے کہا کہ حسن اغوا ہوگئے تھے، واپس آنے کے بعد وہ عمرہ کرنے چلے گئے اور جب عمرے سے واپس آئے تو انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ میں مذہب تبدیل کر لوں جس پر میں نے جواب دیا کہ میں نے پہلے بھی کہا تھا اور اب بھی کہہ رہی ہوں میں جب تک دل سے تبدیل نہیں ہوں گی، کوئی فائدہ نہیں ہے، حسن نے مجھے کہا کہ میں بھی یہ ہی چاہتا ہوں کہ تم دل سے اسلام قبول کرو، میں نے کہا کہ ابھی وہ وقت نہیں آیا اور حسن نے میری بات کو سمجھ لیا۔
اداکارہ نے بتایا کہ حسن اپنی شوٹنگ مکمل کرکے گھر آرہے تھے تو انہیں اغوا کرلیا گیا اور تاوان مانگا گیا جس پر میں نے حسن کے والد سمیت دوستوں کو صورتحال سے آگاہ کیا اور پھر سی پی ایل سی کی مدد لی، 35 دن بعد حسن بازیاب ہوکر گھر واپس آئے۔
واضح رہے کہ دونوں اداکاروں نے 2008 میں شادی کی تھی اور ان کے 2 بچے بھی ہیں۔