Time 18 جون ، 2025
دنیا

آیت اللہ خامنہ ای نے جنگ سے متعلق اختیارات پاسداران انقلاب کو منتقل کردیے

آیت اللہ خامنہ ای نے جنگ سے متعلق اختیارات پاسداران انقلاب کو منتقل کردیے
فوٹو: فائل

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے جنگ سے متعلق اختیارات پاسدارانِ انقلاب گارڈز کی شوریٰ کو منتقل کردیے۔

ایرانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای اب بھی اپنی فیملی کے ساتھ ایک زیرِ زمین بنکر میں مقیم ہیں اور اب جنگی معاملات کی مکمل نگرانی پاسدارانِ انقلاب کے سپرد کر دی گئی ہے۔

 اب ایرانی پاس دارانِ انقلاب گارڈز کو جنگ سے متعلق امور پر مکمل اختیار مل گیا ہے۔

منگل کو پاسدارانِ انقلاب نے تل ابیب میں اسرائیلی انٹیلی جنس ایجنسی موساد اور فوجی خفیہ ادارے کے مراکز کو براہ راست نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے غیر مشروط طور پر ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ ایرانی سپریم لیڈر کہاں چھپے ہوئے ہیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ ہم ایرانی سپریم لیڈر کو قتل کرنے نہیں جارہے کم از کم اس وقت ہمارا ایسا ارادہ نہیں، لیکن ہم نہیں چاہتے کہ شہریوں یا امریکی فوجیوں پر میزائل گریں، ہمارا صبر جواب دے رہا ہے۔

 دوسری جانب اسرائیلی وزیر دفاع نے بھی ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو نشانہ بنانے کی دھمکی دیتے ہوئےکہا کہ خامنہ ای کا انجام سابق عراقی صدر صدام حسین جیسا ہوسکتا ہے ۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایران کی پاسداران انقلاب کی ائیرواسپیس فورس نے اسرائیل کے خلاف جدید ڈرونز استعمال کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پاسداران انقلاب کی ائیرواسپیس فورس کی جانب سے شاہد 107 نامی یہ جدید ڈرونز اسرائیلی اہداف پر خودکش حملوں کیلئے استعمال کیے جائیں گے۔

ان ڈرونز میں ایسا انجن نصب کیا گیا ہے جس کی مدد سے یہ 1500کلو میٹر فاصلے تک پرواز کرسکتے ہیں۔ 


مزید خبریں :