Time 18 جون ، 2025
دنیا

ٹرمپ نے ایران پر اسرائیلی حملوں میں امریکا کے شامل ہونے کا عندیہ دیدیا

ٹرمپ نے ایران پر اسرائیلی حملوں میں امریکا کے شامل ہونے کا عندیہ دیدیا
فوٹو: فائل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر اسرائیلی حملوں میں امریکا کے شامل ہونے کا عندیہ دے دیا۔

امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ ممکنہ طور پر یہ فیصلہ کرسکتے ہیں کہ انہیں مزید اقدام کرنا چاہیے تاکہ ایران افزودگی کا عمل ختم کرے۔ 

نائب صدر جے ڈی وینس نےیہ بات ایسے وقت کہی ہے جب صدر ٹرمپ نے قومی سلامتی مشیروں کا وائٹ ہاؤس میں اجلاس بلایا تھا ۔

ایک گھنٹے جاری اس اجلاس میں کیا فیصلے کیے گئے اس کی تفصیل تو نہیں بتائی گئی تاہم امریکی میڈیا نے شواہد کی بنیاد پر دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اس بات پر غور کر رہا ہے کہ وہ بھی اسرائیل کے ساتھ ایران پر بمباری میں شامل ہوجائے۔ 

اسرائیلی میڈیا کے مطابق اگر امریکا نے اسرائیل کے ساتھ بمباری میں شمولیت اختیار کی تو یہ محض علامتی نہیں ہوگی بلکہ اہم آپریشن ہوگا جس کا بنیادی ہدف فردو میں یورینیئم افزودگی پلانٹ کو تباہ کرنا ہوگا۔

بعض اسرائیلی اہلکاروں کے حوالے سے یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ ایران نے نیوکلیئر پروگرام ختم کرنے کی ڈیل نہ کی تو امریکا بھی ایران پرحملہ کردے گا۔

 ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم کا ٹیلی فونک رابطہ 

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ 

اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہ بات چیت وائٹ ہاؤس میں قومی سلامتی مشیروں کے اہم اجلاس سے پہلے کی گئی۔ تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ صدر ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم کو کیا یقین دہانی کرائی۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل چاہتا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ میں امریکا اس کا ساتھ دے یا اس کے لیے ایران سے جنگ لڑے۔

واضح رہے اس سے پہلے صدر ٹرمپ نے ایران سے غیرمشروط طور پر ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کیا تھا۔

انہوں نے دو ٹوک انداز سے کہا کہ انہیں مذاکرات میں دلچسپی نہیں، وہ ایران کے نیوکلیئر پروگرام کا حقیقی خاتمہ چاہتے ہیں۔ 

ایک امریکی اہلکار نے کہا کہ اس میں شک نہیں کہ صدر ٹرمپ کیا چاہتے ہیں اور وہ ہدف حاصل کرنے کیلئے جو بھی ضروری ہوا، وہ کرنے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کریں گے۔

امریکی صدر نے یہ بھی کہا ہے کہ انہیں علم ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کہاں ہیں اور مگر کم سےکم ابھی انہیں قتل نہیں کیا جائے گا۔

مزید خبریں :