18 جون ، 2025
جنگل کا بادشاہ شیر ایک خونخوار جانور ہے لیکن اب اسے پالتو جانور کے طور پر رکھنے کا شوق بڑھتا جارہا ہے۔
جنگلی حیات کو گھر میں رکھنا ایک جرم ہے لیکن لوگ اپنے شوق کے لیے ناصرف ان کی نسل کو خطرے سے دوچار کررہے ہیں بلکہ اپنی زندگی کے ساتھ بھی کھلواڑ کرتے ہیں۔
لوگ شیر کے بچے کو پالتے ہیں اور پھر اسے انسانوں کے ساتھ رکھ کر ہی اسے بڑا کرتے ہیں، خیال کیا جاتا ہے کہ انسانوں کے ساتھ رہنے سے شاید اس کی حیوانیت ختم ہوجائے لیکن یہ سوچ غلط ہے کیونکہ قدرت نے اسے شکاری جانور کے طور پر پیدا کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر ہمیں بہت سی ایسی ویڈیوز دیکھنے کو ملتی ہیں جس میں شیر کے حملے سے اس کا مالک یا اس کے قریب موجود انسان ہلاک ہوجاتا ہے۔
ایسی ہی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں ایک دوست نے اپنے دوست کو گھر پرپالتو جانور دیکھنے کے لیے بلایا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دونوں نوجوان گھر کی چھت پر موجود ہیں، شیر ایک شخص کے قریب آتا ہے اور اس پر حملہ کردیتا ہے، شیر کے مالک کی جانب سے اسے قابو کرنے کی کوشش بھی کی جاتی ہے۔
نوجوان کی جان بچانے کے لیے شیر کو ڈنڈے سے بھی مارا جارہا ہے لیکن شیر کے حملے میں نوجوان بری طرح زخمی ہوجاتا ہے، سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو پر مختلف تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔